میٹنگ میں جھگڑا، برطانوی دائیں بازو کی جماعت کے رہنما ہسپتال منتقل

جھگڑے کے بعد مسٹر وولف ’زمین پر گِر پڑے‘ اور ’ان کی حالت تشویش ناک‘ ہے، نائجل فراج

جمعہ 7 اکتوبر 2016 10:38

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2016ء)یو کے انڈیپینڈنٹ پارٹی کے متوقع امیدوار سٹیون وولف جماعت کے ارکانِ یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں جھگڑے کے بعد ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔پارٹی کے سابق سربراہ نائجل فراج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جھگڑے کے بعد مسٹر وولف ’زمین پر گِر پڑے‘ اور ’ان کی حالت تشویش ناک‘ ہے۔انگلینڈ کے شمال مغربی علاقے سے رکن یورپی پارلیمنٹ کو سٹراس برگ کے ایک ہسپتال لے جایا گیا ہے اور وہاں ان کے ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔

مسٹر وولف نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ پارٹی کی سابق رہنما ڈیان جیمز کے استعفے کے بعد وہ پارٹی کی صدارت کے لیے امیدوار ہیں۔پارٹی کے سابق سربراہ نائجل فراج نے ایک بیان میں کہا کہ ’مجھے اس بات کا دکھ ہے کہ آج صبح یوکِپ کے ارکانِ یورپی پارلیمنٹ کے ایک اجلاس میں ہونے والی لڑائی کے بعد سٹیون وولف زمین پر گِر پڑے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا‘۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ ان کی حالت تشویش ناک ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مسٹر وولف سٹراس برگ میں یورپی پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے واک آوٴٹ کرنے کے بعد بیمار پڑ گئے۔ صدارات کے دوسرے امیدوار رحیم قسام اور سابق ڈپٹی چیئرمین سوزان ایونز نے مسٹر وولف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔مسٹر نائجل فراج نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ نئے صدر کے انتخاب تک پارٹی کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے کام کریں گے۔

ڈیان جیمز صرف 18 روز تک صدارات کے عہدے پر براجمان رہیں اور پیشہ ورانہ اور ذاتی وجوہات کی بنیاد پر استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے 16 ستمبر کو پارٹی کی صدارت کا عہدہ سنبھالا تھا۔مسٹر وولف گزشتہ انتخابات میں حصہ نہیں لے پائے تھے کیونکہ وہ مقررہ وقت تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل نہیں جمع کرا پائے تھے۔