افغانستان،قندوز میں طالبان کو پسپا کردیا گیا ہے،گورنر کا دعوی

بدھ 5 اکتوبر 2016 10:24

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اکتوبر۔2016ء)افغانستان کے شمالی صوبے قندوز کے گورنر نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پر طالبان کے حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے۔ ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق گورنر اسداللہ امرخیل نے کہا قدوز شہر میں جنگ رک گئی ہے اور وہاں بڑے پیمانے پر طالبان جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔قندوز پر افغان طالبان کے تازہ حملے کے بعد جوابی کارروائی کے لیے کابل سے خصوصی فورسز کو بھیجا گیا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا تھا کہ فورسز شہر کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے طالبان جنگجو رہائشی مکانات میں چھپے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سکیورٹی فورسز کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ طالبان نے قندوز پر گزشتہ روز تمام اطراف سے حملہ کیا تھا۔ صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی کے مطابق شہر میدان جنگ بنا ہوا ہے اور مختلف علاقوں میں لڑائی جاری ہے۔خیال رہے کہ افغانستان میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے برسلز میں منعقدہ ڈونرز کانفرنس سے ایک روز قبل یہ لڑائی چھڑ گئی تھی۔گذشتہ سال ستمبر میں طالبان نے مختصر وقت کے لیے قندوز کو اپنے قبضے میں کرلیا تھا اور یہ ان کی بڑی کامیابی تھی۔

متعلقہ عنوان :