شام میں باغیوں کی دولت اسلامیہ کے مضبوط گڑھ دابق کی جانب پیش قدمی

ترکی کے حمایت یافتہ باغیوں نے اگست کے آخر میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی شروع کی تھی ہلاکتیں علاقے میں دولتِ اسلامیہ کی جانب سے جگہ جگہ بچھائی گئی باردوی سرنگوں کے پھٹنے کے نتیجے میں ہوئی ہیں، سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس

منگل 4 اکتوبر 2016 10:34

دمشق( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2016ء )شام میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم سے جھڑپوں میں ترکی کے حمایت 15 باغی مارے گئے ہیں۔شامی باغی دولتِ اسلامیہ کے مضبوط گڑھ دابق کی جانب پیش قدمی کے دوران مارے گئے۔برطانیہ میں شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والی تنظیم سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہلاکتیں علاقے میں دولتِ اسلامیہ کی جانب سے جگہ جگہ بچھائی گئی باردوی سرنگوں کے پھٹنے کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔

باغیوں کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ اس وقت دابق سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔باغیوں کے ایک گروپ سلطان مراد کے ایک کمانڈر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ باغیوں نے حالیہ دنوں میں دابق کے قریب متعدد دیہات پر قبضہ کر لیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شہر میں پہنچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

دولتِ اسلامیہ کے لیے دابق بڑی اہمیت کا حاصل ہے اور اس کے ماہانہ انگلش زبان کے جریدے کا نام بھی اسی شہر کے نام پر ہے۔

شامی باغیوں کے اس اتحاد کو دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی میں ترکی کی فضائی مدد کے علاوہ ٹینکوں اور خصوصی فورسز کی مدد بھی حاصل ہے۔اس اتحاد نے اگست کے اختتام کے قریب ترکی کی سرحد سے متصل شامی علاقوں میں دولتِ اسلامیہ اور کردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا اور ترک حکام کے مطابق اس اتحاد نے اب تک 960 مربع کلومیٹر پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

پیر کی صبح ترک فوج کے حکام کے مطابق ال رائی کے جنوب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید جھڑپیں ہوئی ہیں اور اس میں 15 شامی باغی ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے۔ سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 21 ہے۔خیال رہے کہ شام اور عراق میں دولتِ اسلامیہ نے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے تاہم حالیہ ماہ میں اسے متعدد مقامات پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

متعلقہ عنوان :