نائن الیون حملے: امریکہ میں سعودی عرب کیخلاف پہلا مقدمہ درج

اتوار 2 اکتوبر 2016 12:49

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2016ء) سانحہ نائن الیون کے متاثرین کو امریکی کانگریس کی جانب سے غیرملکی حکومتوں کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی اجازت ملنے کے دو روز بعد امریکی عدالت میں سعودی حکومت کے خلاف پہلا مقدمہ درج ہو گیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقدمہ سٹیفن روز نامی خاتون نے دائر کروایا ہے جس کا شوہر گیارہ ستمبر دوہزار ایک کو پنٹاگان پر حملے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

سٹیفن روز نے اپنی درخواست میں سعودی حکومت کو نائن الیون سانحے کا ذمہ دار قراردیا ہے۔ درخواست میں سعودی عرب پر القاعدہ اور اسامہ بن لادن کی مالی مدد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی کانگریس نے دو روز قبل متفقہ طور پرصدر باراک اوباما کا ویٹو مسترد کر دیا تھا جس کے بعد نائن الیون میں ہلاک افراد کے لواحقین کو نائن الیون حملوں کے سلسلے میں غیرملکی حکومتوں پر مقدمہ کرنے کا حق دے دیا گیا۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے امریکی کانگریس کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم سعودی حکومت کے خلاف پہلا مقدمہ دائر ہونے پر تاحال سعودی عرب کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ عنوان :