لاہور ،شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے ہاتھ ملا کر تمام افواہوں اور خبروں کی تردید کر دی

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 10:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2016ء) زمان پارک میں سجی پی ٹی آئی رہنماوٴں کی محفل میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر خان ترین نے کیمروں کے ساتھ ہاتھ ملا کر تمام افواہوں اور خبروں کی تردید کردی۔ دونوں رہنماوٴں نے آپس میں ہاتھ ملائے اور گلے لگے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورت حال پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام کی طرف سے مودی اور نواز شریف کو واضح پیغام دیں گے، تحریک انصاف عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی۔

اس موقع پر پرجوش شاہ محمود قریشی نے واشگاف آواز میں نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ" جاگ اٹھا ہے سارا وطن"۔ ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں میلوں دور تک عوام ہی عوام ہوں گے، پاکستان کے سپاہی کا دل پی ٹی آئی کے ساتھ دھڑک رہا ہے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میں لاہوریوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، لاہوریوں نے عمران خان کی آواز پر لبیک کہا، میاں صاحب کو احتساب کیلئے پیش ہونا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور میرے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، شاہ صاحب اور میں اکھٹے ہیں،ہم دونوں اور پارٹی ایک ہیں، کون چھوٹا چوہدری،کون بڑا، ہم اس سے آگے بڑھ چکے ہیں، پارٹی میں بڑا چوہدری صرف عمران خان ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے سامنے دونوں رہنماوٴں نے نہ صرف ہاتھ ملایا بلکہ گلے بھی ملے۔بھارتی گیڈر بھبکیوں پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مودی کوپ یغام ہے کہ میلی آنکھ سے دیکھا تو نقصان اٹھاوٴ گے۔