کنٹرول لائن پر بلا اشتعال بھارتی جارحیت، پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس پیر کو طلب

وزیراعظم کشمیر پالیسی اور ایل اوسی پر موجودہ صورتحال پر پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے قومی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 10:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال بھارتی جارحیت پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس پیر تین اکتوبر کو طلب کر لیا ہے، اجلاس میں وزیراعظم کشمیر پالیسی اور لائن آف کنٹرول پر موجودہ صورتحال پر پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیاہے کہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ، بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز اقدامات،دھمکی آمیز بیانات ، کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور حکومتی پالیسی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، وزیراعظم پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر موجودہ صورتحال سے متعلق آگاہ کریں گے اور پارلیمانی رہنماؤں سے مستقبل کی کشمیر پالیسی اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کرینگے، اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء بھی شرکت کرینگے۔

پیر کو ہونیوالے اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :