بھارتی افواج کی بزدلانہ فائرنگ سے شہید ہونے والے 35سالہ فوجی جوان امتیاز کی نماز جنازہ فیصل آباد اسلامیہ کالج کرکٹ گراؤنڈ میں ادا

میت قومی پرچم میں لپیٹ کر آبائی علاقے پہنچی تو شہریوں کا جم غفیر شہید کے دیدار کیلئے امڈ آیا ، نعرہ تکبیر ”اللہ اکبر“،پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے شہید امتیاز بچوں میں سب سے چوتھا تھا ، ہمیشہ سے خواہش تھی وطن پر قربان ہو آج پوری ہوگئی ، والد محمد اقبال تبسم کی خبر رساں ادارے سے گفتگو شہید نے سوگواران میں بیوہ کے علاوہ تین بیٹیاں بھی چھوڑیں ہیں

جمعہ 30 ستمبر 2016 10:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2016ء)بھارتی افواج کی طرف سے ٹمبرسیکٹر میں بزدلانہ فائرنگ سے شہید ہونے والے 35سالہ فوجی جوان امتیاز کی میت قومی پرچم میں لپیٹ کر جب فیصل آباد ان کے آبائی محلہ ہجویری ٹاؤن لائی گئی تو اس موقع پر شہریوں کا جم غفیر شہید کے چہرے کے دیدار کیلئے امڈ آیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں بزرگ،نوجوان،خواتین موجود تھے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جیسے ہی شہید امتیاز کی میت فوجی اعزاز کے ساتھ فیصل آباد لائی گئی تو موقع پر موجود ہزاروں افراد نے نعرہ تکبیر ”اللہ اکبر“،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگانا شروع کردئیے۔شہید کے والد ریٹائرڈ سکول ماسٹر محمد اقبال تبسم نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس کے آٹھ بچے ہیں اور شہید امتیاز سب سے چھوٹا تھا اور اس نے چودہ سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی اور کی خواہش تھی کہ وہ اللہ کی راہ میں اور وطن کی حفاظت کیلئے شہید ہو جو اللہ نے منظور کی۔

(جاری ہے)

شہید کے والد کا مزید کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے ملک کی خاطر جان دی اور اللہ کی راہ میں شہید ہوا مجھے اس کی شہادت پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں امتیاز کی طرح دوسرے بیٹوں کو بھی اللہ کی راہ میں اور پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے قربان کرنے اور خود بھی قربان ہونے کو تیار ہوں۔شہید امتیاز شادی شدہ تھا اور سوگواران میں بیوہ کے علاوہ تین بیٹیاں بھی چھوڑیں ۔

شہید امتیاز چودہ اگست کو فیصل آباد اپنے اہلخانہ اور والدین کو ملنے کے لئے آیا تھا اور چند روز قیام کے بعد واپس اپنی یونٹ میں چلا گیا اور آج دشمن کی بربریت سے شہادت پائی۔شہید کی نماز جنازہ اسلامیہ کالج کے کرکٹ گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں شہر بھر کی اہم شخصیات کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیں کی گئیں