بالی ووڈمیں کام کرنے والے پاکستانی فنکارواپس لوٹناشروع

منگل 27 ستمبر 2016 10:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27ستمبر۔2016ء)بالی ووڈمیں کام کرنے والے پاکستانی فنکارواپس لوٹناشروع ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے اوڑی میں ہندوستانی افواج کے بریگیڈہیڈکوارٹرپر حملے کے بعد انتہاء پسندہندو جماعت ایم این ایس یعنی مہاراشٹر نو نرمان سینا کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو انڈیا چھوڑ دینے کی دھمکی دی گئی جس کے بعد بالی وڈ میں کام کرنے والے پاکستانی فنکار پاکستان واپس لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔

میڈیااطلاعات کے مطابق بالی وڈ میں کام کرنے والے اہم فنکاروں کے ایجنٹس میں سے ایک ایجنٹ نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہ اب تک پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات کی خرابی میں فنکاروں کے ساتھ سب سے برا برتاوٴ اس بار کیا گیا۔

(جاری ہے)

انڈیا میں کام کرنے والے فلمی ستاروں کو اْن کی حفاظت کے پیشِ نظر ملک سے نکلنے کا مشورہ دیا گیاہے۔نمایاں پاکستانی فنکار علی ظفر، فواد خان، ماہرہ خان اور عمران عباس ان دنوں انڈیا میں فلموں کی شوٹنگ میں مصروف تھے جو اطلاعات کے مطابق پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔

ہندوستانی فلمی فنکاروں اور پروڈیوسروں پر دائیں بازو کی جماعتوں اورشدت پسندتنظیموں کی جانب سے شدید دباؤ ہے کہ وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام بندکریں لہذااکثرپاکستانی فنکارپاکستان واپس پہنچ چکے ہیں جنہیں ان کے فلمسازوں اور ہدایتکاروں نے کہاہے کہ وہ اس معاملے پرخاموشی اختیار کریں کیونکہ انہیں شدیدعوامی ردعمل کاسامناکرناپڑسکتاہے۔