ہندوستان نے ایک راکٹ کے ذریعے 8 سیٹلائٹس کو دو مختلف مداروں میں کامیابی سے بھیج دیا

منگل 27 ستمبر 2016 10:30

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27ستمبر۔2016ء ) ہندوستان نے ایک راکٹ کے ذریعے 8 سیٹلائٹس کو دو مختلف مداروں میں کامیابی سے بھیج دیا۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (پی ایل ایس وی سی 35) کے ذریعے ان سیارچوں کو خلاء میں بھیجا گیا جو کہ اس راکٹ کے لیے اب تک کا طویل ترین سفر تھا۔ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش کے علاقے شری ہری کوٹہ سے صبح 9 بجکر 12 منٹ پر یہ راکٹ لانچ کیا گیا جبکہ اس میں موجود تین سیٹلائٹس انڈیا، تین الجزائر اور کینیڈا اور امریکا کا ایک ایک سیٹلائٹ موجود تھا۔

ہندوستانی سیٹلائٹس میں ایک موسمی سیارچہ SCATSAT-1 بھی شامل تھا جبکہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے سیٹلائٹس کا کامیابی سے خلاء میں بھیجنے پر انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کو مبارک باد بھی دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ہندوستانی وزیرا عظم اپنے خلائی پروگرام کے انتہائی کم لاگت ہونے پر ماہرین کو سراہتے رہے ہیں اور 2014 میں ہندوستان کی جانب سے چار غیر ملکی سیٹلائٹس کو خلاء میں بھیجنے پر آنے والے اخراجات ہالی ووڈ فلم ’گریویٹی‘ سے بھی کم تھے۔

خلاء میں بھیجے جانے والے دیگر دو ہندوستانی سیٹلائٹس کو طالب علموں نے تیار کیا جن میں سے ایک 10 کلو وزنی پراتھم سیٹلائٹ جو سونامی اور جی پی ایس کی جانچ کے لیے استعمال ہوگا جبکہ دوسرا 5.25 کلو وزنی پائی سیٹ ہے جو خلاء سے زمین کی تصاویر حاصل کرے گا۔

متعلقہ عنوان :