پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے،عمران خان

اداروں کی تباہی کی وجہ سے روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، کرپٹ حکمرانوں نے اخلاقی طور پر بھی ہمارے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے مودی غیر زمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں،تحریک انصاف اور پوری قوم سیکورٹی اداروں کی پشت کر کھڑی ہے، ایڈیٹرز سے بات چیت

اتوار 25 ستمبر 2016 11:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، 70کی دہائی سے پہلے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن بد قسمتی سے کرپشن ،لوٹ مار اور اقرباء پروری نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ۔ ترقی یافتہ اور خوشحال دنیا میں ادارے مضبوط ، آزاد اور قانون کی بالادستی ہوتی ہے۔

لیکن کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستانی ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں اور اداروں کی تباہی کی وجہ سے روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جب ادارے مفلوج ہو جائیں تو غربت اور نا انصافی بڑھ جاتی ہے ۔پاکستان کے کرپٹ حکمرانوں نے اخلاقی طور پر بھی ہمارے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے ایک مقامی ہوٹل میں انگریزی، اردو اور سندھی اخبارات کے ایڈیٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ ”انصاف ہاؤس “ نرسری میں ورکر کنونشن سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو تباہی سے بچانے کے لئے 30ستمبر کو رائیونڈ میں پورے پاکستان سے لوگوں کو اکھٹا کر رہے ہیں کیونکہ انصاف کا نظام تباہ ہو چکا ہے ۔ ایسا نظام نہیں چل سکتا جہاں امیر کے لئے الگ اور غریب کے لئے الگ قانون ہواور ملک کے تمام ادارے ایک کرپٹ وزیر اعظم کے ماتحت ہو جائیں ۔

انصاف قائم کرنا بحیثیت ایک مسلمان ہم سب کا فرض ہے۔ مجھے امید ہے کہ کراچی سمیت اندرون سندھ سے رائیونڈ مارچ میں بھرپور نمائندگی ہوگی کیونکہ آپ مظلوموں کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ورکر کنونشن سے تحریک انصاف سند ھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے بھی خطاب کیا۔چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ کرپشن کی جڑیں نیچے تک پھیل چکی ہیں اور اسی وجہ سے غربت اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔

رائیونڈ مارچ در اصل پاکستان کو بدلنے کی جدوجہد ہے ۔انشاء اللہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ چیئرمین عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نرندر مودی کے پاکستان کے خلاف بیان دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن پاکستان اور بھارت دونوں کے لئے بہتر ہے لیکن نرندر مودی جس طرح غیر زمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں اور پاکستان پر من گھڑت الزامات عائد کر رہے ہیں تحریک انصاف اور پوری قوم سیکورٹی اداروں کی پشت کر کھڑی ہے اس وقت پوری دنیا کو بھارتی ظلم اور بربریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے قراردادوں کے عین مطابق خود ارادیت دینی چاہئے اور پوری دنیا اوربین الاقوامی حقوق کی تنظیموں کو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف ایکشن لینا چاہئے