کسان اورکاشتکار ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان سے کوئی بھی ناانصافی ہوئی تو پورے ملک میں پارٹی اور اس کے کارکنان سخت مزاحمت کریں گے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان کسان اتحاد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 24 ستمبر 2016 09:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسان اورکاشتکار ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان سے کوئی بھی ناانصافی ہوئی تو پورے ملک میں پارٹی اور اس کے کارکنان سخت مزاحمت کریں گے، بلاول بھٹوزرداری نے ان خیالات کا اظہار آج بلاول ہاؤس میں پاکستان کسان اتحاد کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وفد میں صدر خالد محمود کھوکھر،جنرل سیکریٹری میاں عمیر مسعود،چودھری رضوان اقبال، نواب زبیر تالپر،کیپٹن محمد حسین،شوکت وٹو،میاں فاروق احمد، جاوید ریاڑ،میر ظفراللہ تالپر،عبدالکریم درد،میر صوبدار تالپر اور ہاشم میندھرو شامل تھے، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ کی صدر ایم این اے فریال تالپر،صوبائی وزیر نثار احمد کھڑو،صوبائی مشیراطلاعات مولا بخش چانڈیو،راشد ربانی اور چیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو بھی موجود تھے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ کسانوں اور کاشتکاروں سمیت تمام محنت کش طبقہ کے ساتھ کھڑی رہی ہے،اور ان کے مفادات کو تحفظ دینے کے ساتھ ان کو کسی بھی انتقام یا استحصال سے تحفظ دلاتی رہی ہے،پاکستان کسان اتحاد کے وفد نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو ان کے مسائل ،نواز لیگ حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کو دھوکہ دینے کیے لیے دیئے جانے والے کسان پیکج اور دیگر مظالم کے متعلق آگاہ کیا اوربتایاکہ پاکستان کسان اتحاد نے اعلان کیا ہے 28ستمبر کو لاہور میں ”زراعت کا جنازہ“ اٹھایا جائے گا،وفد نے بلاول بھٹو زرداری سے گذارش کی کہ وہ اپنے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے اس احتجاج میں شامل ہونے کی ہدایات دیں،کسان اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ اس احتجاج کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ نوازلیگ حکومت نے ان کے گذشتہ تمام احتجاج پر کوئی توجہ نہ دی،ان کی تمام پالیسیاں کسان دشمن ہیں جو کہ زرعی شعبے کو کومہ میں لے جائیں گی،پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو یہ بھی بتایا گیا کہ نواز لیگ حکومت بھارت سے زرعی پیداوارامپورٹ کرکے مقامی زرعی پیداوار کے نرخ برداشت سے بھی کم سطح پر لا کرتباہ کر دیا ہے،بھارت زرعی سیکٹر کی لاگت پر سبسڈی اور مفت بجلی دے رہا ہے،پاکستان کسان اتحاد کے وفد نے مزید کہا کہ صرف چند ہزار لوگوں کو سہولیت دینے کے لیے اورنج ٹرین منصوبہ پر 200ارب روپے ضایع کیے جارہے ہیں یہی رقم زرعی شعبہ کو ترقی دلانے کے لیے مناسب تھی جبکہ حکومت مختلف ٹیکسز سے وہی رقم وصول کر سکتی تھی،بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کسان اتحاد کے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گی،کاشتکار کمیونٹی پر حکومت کی جانب سے ہونے والے مظالم اور ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائے گی،انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور گذشتہ پیپلزپارٹی کی حکومتوں میں کاشتکاروں اور کسانوں کے مفادات کو اولیت دی گئی ہے اور مستقبل میں بھی وہ ہی پالیسیاں جاری رکھی جائیں گی۔