چین: چھتری اور کالا چشمہ پہننے پر صحافی معطل

’ہماری ایک صحافی نے ہمارے اصولوں کی پاسداری نہیں کی اور انٹرویو کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، ٹی وی چینل

ہفتہ 24 ستمبر 2016 10:20

بیجنگ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء )چین میں ایک ٹی وی صحافی کی دھوپ سے بچنے کے لیے چھتری لیے اور چشمہ پہنے ہوئے تصویر لی گئی جس کے بعد کمپنی نے اس صحافی کو معطل کر دیا۔اس صحافی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا جو میرانتی طوفان کے بعد ہونے والے نقصان پر رپورٹنگ کے لیے متاثرہ علاقے زیامیئمن شہرگئی ہوئی تھیں اور انٹریو لیتے ہوئے ان کی اس حالت میں تصویر لی گئی تھی۔

اس مناسبت سے ان کی تصویر ذرا عجیب سی تھی کہ طوفان کے بعد صفائی کرنے والے جس رضاکار کا وہ انٹرویو لے رہی تھیں وہ ان کے مقابلے میں کافی بوسیدہ حالت میں تھا۔ان کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں بہت سے لوگوں نے ان پر غیر پیشہ وارانہ انداز اپنانے کا الزام لگایا۔اس حوالے سے ٹی وی چینل نے اپنے ایک بیان میں کہا ’ہماری ایک صحافی نے ہمارے اصولوں کی پاسداری نہیں کی اور انٹرویو کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔

(جاری ہے)

اس سے صحافی کی شبیہہ خراب ہوتی ہے اور عوام میں منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘اس پر ایک صارف ایکلریکس نے لکھا کہ کہ ٹی وی سٹیشن کو اس بات کو واضح کر دینا چاہیے کہ اس کے صحافی چشمہ پہن سکتے ہیں یا نہیں۔ ’یا پھر سٹیشن عوام کے دباوٴ اور غصے کے سبب صحافی کو معطل کرنے پر مجبور ہوا؟‘ایک دوسرے شخص پین نے کہا ’اگر آپ کو یہ معلوم ہوجائے کہ صحافی ہونا کتنا مشکل ہے تو پھر آپ کبھی بھی ایسی اشیا (چشمہ اور چھتری) پر توجہ ہی نہیں دیں گے۔‘لیکن ایک دوسرے شخص نے وائیبو پر لکھا کہ پریشانی یہ تھی کہ صحافی میں شائستگی کی کمی دیکھی اور جس شخص کا وہ انٹرویو کر رہی تھیں اس کی توقیر میں ناکام رہیں۔