مصر: مہاجرین کی کشتی الٹ گئی، 29 ہلاک

واقعہ بحیرہ روم کے ساحلی شہر روزیٹا کے قریب پیش آیا جہاں دیگر افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو کا کام جاری ہے، مصری حکام

جمعرات 22 ستمبر 2016 10:28

قائرہ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2016ء ) مصر کے ساحل کے قریب مہاجرین کی کشتی الٹنے کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری حکام نے بتایا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں 150 افراد کو بچا لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق مذکورہ واقعہ بحیرہ روم کے ساحلی شہر روزیٹا کے قریب پیش آیا جہاں دیگر افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'روزیٹا کے ساحل کے قریب غیر قانونی مہاجرین کی ایک کشتی الٹ گئی جس سے 29 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے'۔واضح رہے کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں کتنے لوگ سوار تھے۔ادھر اقوام متحدہ کے مطابق 2014 سے اب تک بحیرہ روم کے راستے یورپ جانے کے خواہش مند 10 ہزار افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ مختلف خلیجی اور افریقی ممالک میں جاری خانہ جنگ اور دیگر معاشی مسائل کی وجہ سے 'رواں سال 3 لاکھ سے زائد مہاجرین نے بحیرہ روم کے ذریعے یورپ کا سفر کیا'۔اس سے ایک ماہ قبل لیبیا کے ساحل کے قریب مہاجرین کی کشتی الٹ جانے سے 104 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔