بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو اپنی سالگرہ پر کسی روایتی کیک کاٹنے یا دیگر تقریبات سے منع کردیا

دہشتگردی کے متاثرین، یتیموں اور ایدھی سینٹرز پررہنے والے خصوصی افراد سے جاکرملاقاتیں کرنے کی ہدایت

بدھ 21 ستمبر 2016 10:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21ستمبر۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ہدایت کی ہے کہ وہ ان کی سالگرہ پر کسی روایتی کیک کاٹنے یا دیگر تقریبات منعقد کرنے کی بجائے دہشتگردی کے متاثرین، یتیموں اور ایدھی سینٹرز پررہنے والے خصوصی افراد سے جاکرملاقاتیں کریں، اس حوالے سے سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوہ، سینٹرل پنجاب، جنوبی پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کی کوآرڈینیشن کمیٹیز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ معاشرے کے سب سے زیادہ توجہ، پیار اور شفقت کے مستحقین کے ساتھ سالگرہ منائی جائے، خیبرپختونخوہ کے رہنماؤں سے یہ بھی کہا گیا ہے وہ آئی ڈی پیز کے ساتھ، بلوچستان کے رہنماؤں کو کوئٹہ دھماکوں کے متاثرین، آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں کو پناہ گزینوں، سینٹرل اور ساؤتھ پنجاب کے رہنماؤں کو جیل کے قیدیوں اور سندھ کے رہنماؤں کو دارالسکون یا خصوصی افراد کے دیگر مراکز کا دورہ کرنے کی ہدایات کی گئیں ہیں، پیپلزپارٹی کے رہنما اور کارکنان نادار بچوں، یتیموں، ایدھی سینٹرز میں رہائش پذیر اور خصوصی افراد کے دیگر مراکز میں جا کر تحائف تقسیم کریں گے۔