لاہور، زعیم قادری کی پریس بریفنگ لیگی کارکنوں کی جانب سے مبینہ ہنگامی آرائی کی نظر ہو گئی

کارکنوں کی صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی،گلو بٹ کے بھائی عبدالغنی بٹ کے زبردستی پریس کانفرنس ہال میں داخل سے شروع ہونے والی ہنگامی آرائی کے بعد زعیم قادری پریس کانفرنس کو ادھورا چھوڑ کر صحافیوں کو مناتے رہے

منگل 20 ستمبر 2016 10:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2016ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم قادری کی تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کے خلاف لاہور پریس کلب میں منعقد کی جانے والی پریس بریفنگ لیگی کارکنوں کی جانب سے مبینہ ہنگامی آرائی کی نظر ہو گئی۔ کارکنوں کی صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور گلو بٹ کے بھائی عبدالغنی بٹ کے زبردستی پریس کانفرنس ہال میں داخل سے شروع ہونے والی ہنگامی آرائی کے بعد زعیم قادری پریس کانفرنس کو ادھورا چھوڑ کر صحافیوں کو مناتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق زعیم قادری نے لاہور پریس کلب میں نواز جانثار فورس کے تعارف اور تحریک انصاف پر رائے ونڈ مارچ نہ کرنے پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے گزشتہ روز پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ پریس کلب میں ہونے والی پریس کانفرنس میں سروں پر سفید پٹیاں باندھے جن پر نواز جانثار فورس تحریر تھا درجنوں ورکروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ان ورکروں میں ایک بڑی بڑی خوفناک موچھوں والا جوان جس نے اپنا تعارف معروف گلو بٹ کے بھائی غنی بٹ کے حوالے سے کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران لیگی ورکروں نے پریس کلب کے مرکزی گیٹ پر ہنگامہ آرائی اور صحافیوں سے بدتمیزی کرنا شروع کردی۔ لیگی ورکرز صحافیوں کو دھکیلتے ہوئے پریس کلب کے اندر آگئے ہنگامہ آرائی کا آغاز گلو بٹ کے بھائی غنی بٹ کی وجہ سے شروع ہوا۔ کلب میں ہنگامہ آرائی کا شور سن کر پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں نے بائیکاٹ کردیا اور زعیم قادری کو مجبوراً پریس کانفرنس کو ادھورا چھوڑنا پڑا۔

پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم قادری نے صحافیوں کی یقین دہانی کے لئے حلفاً کہا کہ گلو بٹ کے برادر غنی بٹ سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہے یہ تحریک انصاف کا بندہ ہے جو محض پریس کانفرنس کو خراب کرنے کے لئے آیا تھا۔ میں خود اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کرواؤں گا جب اُن سے کہا گیا کہ فوٹیج میں موجود ہے کہ یہ نواز مورز اور جانثار کی حیثیت سے پریس کانفرنس میں شامل تھا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس شخص سے ہمارا قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے اس کے لئے میں قرآن پر حلف دینے کو تیار ہوں یہ شخص پاکستان تحریک انصاف کا ہے جو ہماری صفحوں میں دراڑ ڈالنے کی غرض سے آیا ہے۔

میں خود اس شخص کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کراؤں گا۔ گلو بٹ کے مبینہ بھائی غنی بٹ کو پولیس نے صحافیوں سے بدتمیزی اور غنڈہ گردی کرنے کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔ پریس کلب کے باہر غنی بٹ کی گرفتاری سے قبل نواز لیگی کارکنوں نے غنی بٹ کو شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

متعلقہ عنوان :