ناول بچانے کے لیے امریکی مصنف آگ میں کْود گیا

مصنف کے لیپ ٹاپ میں دوناول تھے ،بچانے میں کامیاب ہوگیا،کوئی زخم نہیں آئے

پیر 19 ستمبر 2016 11:02

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2016ء)امریکی ریاست لوزیانے کے شہر نیو اورلیانز میں ایک مصنف نے اپنا لیپ ٹاپ بچانے کے لیے جان کی بازی لگا دی اور بے خطر اپنے جلتے ہوئے گھر میں گھس گئے۔وہ اپنا لیپ ٹاپ اس لیے بچانا چاہتے تھے کہ اس میں ان کے دو مکمل ناول تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق35 سالہ مصنف گیڈین ہوج نے نیو اورلیانز ایڈووکیٹ کو بتایاکہ جس کسی نے کبھی کوئی فن پارہ تخلیق کیا ہو وہ جانتا ہے کہ اس کا کوئی بدل نہیں ہوتا۔

اطلاعات کے مطابق وہ اپنے لیپ ٹاپ کو بچانے میں کامیاب ہو گئے اور انھیں کوئی زخم نہیں آئے۔انھوں نے کہاکہ اس (لیپ ٹاپ) میں میرے زندگی کی بہت زیادہ تخلیقات ہیں۔نیو اورلینانز کے فائر محکمے کے ٹموتھی میککونل نے کہاکہ یہ آگ بہت خطرناک ہو سکتی تھی لیکن ہمارے آگ بجھانے والے عملے نے بہت عمدہ کام کیا۔

(جاری ہے)

لیکن 38 سالہ ایڈرین ولیمز صرف اپنا پرس اور چابیاں لینے میں ہی کامیاب ہو سکے۔

وہ اس عمارت میں رہنے والے چار افراد میں سے ایک تھے۔ وہ اپنا کوئی بھی سامان نہیں بچا سکے اور ان کے پاس کوئی انشورنس بھی نہیں ہے۔انھوں نے کہاکہ مجھے پتہ نہیں کہ میں کیا محسوس کر رہا ہوں۔ بس اتنا جانتا ہوں کہ مجھے پھر سے اٹھنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔یہ کہا جا رہا ہے کہ آگ پڑوس کے ایک خالی گھر سے شروع ہوئی اور قریبی عمارت میں پھیل گئی۔