امریکی ریاست منیسوٹا کے شاپنگ مال میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے 8 افراد کو زخمی کر دیا ،حملہ آورہلاک

پیر 19 ستمبر 2016 11:01

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2016ء) امریکہ کی ریاست منیسوٹا کے شاپنگ مال میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے 8 افراد کو زخمی کر دیا اور وہاں موجود ایک پولیس افسر نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔یہ واقعہ سینیٹ کلاوٴڈ کے کراس روڈ سنٹر شاپنگ مال میں ہفتہ کو دیر گئے پیش آیا۔مقامی پولیس کے سربراہ بلیئر اینڈریسن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کسی بھی زخمی کی حالت خطرے میں نہیں ہے۔

اینڈریسن نے حملہ آور کی شناخت کے بارے میں تفصیل فراہم نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ایک نجی سکیورٹی فرم کے کارکنوں کا لباس پہن رکھا تھا اور چاقو سے لیس تھا۔اینڈریسن کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے علاقے کا پولیس افسر جو کہ اس وقت ڈیوٹی پر نہیں تھا، اس نے حملہ آور کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتارا۔

(جاری ہے)

ان کے بقول فی الوقت اس حملے کے محرکات معلوم نہیں لہذا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا۔

بعض عینی شاہدین کے مطابق یہاں گولی چلنے کی آواز بھی سنائی دی جو کہ بظاہر پولیس افسر کی طرف سے حملہ آور پر چلائی گئی تھی۔جس شاپنگ مال میں یہ واقعہ پیش آیا اسے لوگوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور اندر موجود لوگوں کو اتوار کو علی الصبح وہاں سے جانے کی اجازت دی گئی۔پولیس نے اس واقعے کی مختلف پہلووٴں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں

متعلقہ عنوان :