امریکی ریاست نیویارک میں دھماکا، 29افراد زخمی

دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس سے قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں دھماکے کے بعددو عمارتوں کو خالی کرالیا گیا،ایف بی آئی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں، دھما کے کی نوعیت بارے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ، حکا م

پیر 19 ستمبر 2016 11:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2016ء) امریکی ریاست نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ہونے والے ایک زور دار دھماکے کے نتیجے میں 29 افراد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس سے قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں جبکہ حفظ ماتقدم کے طور پر دھماکے کے مقام کے قریب کی دو عمارتوں کو خالی کرالیا گیا۔

پولیس اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں جبکہ امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دھماکا خیز مواد کچرے کے ڈبے میں رکھا گیا تھا تاہم یہ دھماکا بارودی مواد نصب کرنے کی وجہ سے ہوا یا گیس بھرنے کی وجہ سے اس حوالے سے فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیرارزم ٹاسک فورس حادثے کے مقام پر پہنچ چکی ہے اور تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بظاہر دھماکا گیس لیکج کی وجہ نہیں ہوا۔وائٹ ہاوٴس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر براک اوباما کو دھماکے کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور انہیں مسلسل اس حوالے سے رپورٹس دی جارہی ہیں۔

مریکی صدر براک اوباما نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناوٴں کا اظہار کیا ہے ،فرانسیسی خبر رساں اداریے مطابق دھماکا مین ہیٹن کے علاقے چیلسی میں مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے ہوا اور اس وقت علاقے میں لوگوں کا کافی رش ہوتا ہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نیویارک کے میئر بل ڈے بلاسیو اور نیویارک شہر کے پولیس کمشنر نے بتایا کہ اب تک اس دھماکے کے پیچھے دہشت گردی کا کوئی عنصر نہیں ملا۔

میئر ڈے بلاسیو نے کہا کہ ’نیویارک شہر کو کسی بھی تنظیم سے کسی بھی قسم کے خطرات لاحق نہیں اور ابتدائی معلومات سے یہی لگتا ہے کہ دھماکا سوچ سمجھ کر کیا گیا‘۔ان کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان میں سے کسی کی بھی جان جانے کا خطرہ نہیں۔قبل ازیں امریکی ریاست نیوجرسی میں بھی چند گنٹوں قبل سی سائیڈ پارک کے قریب پائپ بم دھماکے کے اطلاعات سامنے آئی تھیں جہاں امریکی فوجی اہلکاروں کے بینیفٹ کے لیے منعقدہ چیریٹی مراتھن میں ہزاروں افراد شریک تھے۔