برطانیہ : ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر جرمانہ دوگنا کردیا گیا

اتوار 18 ستمبر 2016 13:13

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18ستمبر۔2016ء )برطانیہ میں حکومت کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پنلٹی پوائنٹ اور جرمانے کی رقم دوگنا کر دی گئی ہے۔اگلے سال سے نافذ ہونے والے نئے قوانین کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والے اشخاص کے ڈرائیونگ لائسنس پر چھ پوائنٹ درج کر دیئے جائیں گے اور انھیں دو سو پاوٴنڈ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

نئے ڈرائیوروں کو پکڑے جانے کی صورت میں ڈرائیونگ ٹیسٹ دوبارہ دینا پڑے گا۔نئے ٹریفک قوانین کے تحت، جن کا اطلاق انگلینڈ، ویلز اور سکاٹ لینڈ پر ہو گا، تجربہ کار ڈرائیوروں کو دو بار اس جرم کا ارتکاب کرنے کی صورت میں عدالت جانا پڑے گا جہاں انہیں ممکنہ طور پر ایک ہزار پاوٴنڈ تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے اور ان پر چھ ماہ تک ڈرائیونگ کرنے کی پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی سزا ایک سو پاوٴنڈ اور ڈرائیونگ لائسنس پر تین پوائنٹ کا اندراج ہے۔ حکومت خلاف ورزی والوں کے خلاف سزا میں اضافے کے ساتھ ساتھ ’تِھنک‘ کے نام سے ایک زبردست میڈیا مہم بھی شروع کر رہی ہے۔برطانوی وزارتِ ٹرانسپورٹ کو امید ہے کہ نئی تبدیلیوں کا اطلاق 2017 کی پہلے چھ ماہ میں شروع ہو جائے گا۔شمالی آئرلینڈ میں ڈرائیوروں کو خلاف ورزی کی صورت میں تین پنلٹی پوائنٹ اور 60 پاوٴنڈ جرمانے کی سزا ہوتی ہے۔برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق سال 2014 میں ڈرائیونگ کے دوران فون کے استعمال کی وجہ سے 492 حادثے ہوئے جن میں سے 21 مہلک ثابت ہوئے جبکہ 84 کو سنگین کی کیٹیگری میں شمار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :