پاکستان کا افغان صدر اشرف غنی کے بیان پر عدم اطمینان کا اظہا ر

پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون اور کوششیں کر رہاہے، نفیس زکریا پر امن افغانستان پاکستان کیلئے ضروری ہے، معاشی طور پر مضبوط افغانستان ہمارے معاہدے میں شامل ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 17 ستمبر 2016 11:21

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2016ء )پاکستان نے افغان صدر اشرف غنی کے بیان پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون اور کوششیں کر رہاہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر کے بیان پر بہت افسوس ہے، پاکستان خطے میں امن کیلئے کوشاں ہے، لیکن بدقسمتی سے افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے، ہمسایہ ملک بھارت افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردوں کو تعاون فراہم کررہا ہے۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پر امن افغانستان پاکستان کیلئے ضروری ہے، معاشی طور پر مضبوط افغانستان ہمارے معاہدے میں شامل ہے۔ پاکستان 37 سال سے لاکھوں افغانوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی معاہدہ بھی ہے جس کے تحت پاکستان تجارت کو مزید بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان واہگہ بارڈر کے ذریعے افغانستان سے انڈیا فروٹ برآمد کرنے کیلئے سہولت بھی فراہم کر رہا ہے۔