نواز شریف ٹولہ ملک کو قرضوں میں جکڑ کر غیر ملکی غلامی میں دینے کی پالیسی پر گامزن ہے،عمران خان

اتوار کو رائے ونڈ مارچ کے راؤنڈ کا اہم اعلان کرینگے ،پاناما لیکس کا حساب لیکر دم لینگے نواز حکومت نے بائیس ہزار ارب کے مزید قرضے لیکر ملک کو اٹھائیس ہزار ارب کا مقروض کر دیا ، ایف بی آر ، ایف آئی اے اور نیب کو حکمرانوں نے کرپٹ کر دیا ہے، چیچہ وطنی میں جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 17 ستمبر 2016 11:17

ساہیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2016ء)تحریک انصاف پاکستان کے چیئر مین عمران خا ن نے کہا ہے کہ نواز شریف ٹولہ ملک کو قرضوں میں جکڑ کر غیر ملکی غلامی میں دینے کی پالیسی پر گامزن ہے لیکن ہم نواز شریف سے پاناما لیکس کا حساب لیکر دم لینگے اور پاکستان کے عوام وزیر اعظم نواز شریف سے عوام کا پیسہ چوری کر کے بیرون ملک بھجوانے کا حساب لیکر رہینگے ۔

جمعہ کے روز رائے علی نواز سٹیڈیم چیچہ وطنی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانا ما لیکس میں نواز شریف کے بچوں کا نام آنے کے بعد نواز شریف بڑی ڈھیٹائی سے فیتے پر فیتا کاٹ رہے ہیں لیکن آئس لینڈ ، برطانیہ اور دوسرے ملکوں کے وزراء اعظم نے زندہ قوموں میں ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تین سال قبل پاکستان چھ ہزار ارب قرضوں کا مقروض تھا لیکن نواز شریف حکومت نے اقتدار میںآ کر بائیس ہزار ارب کے مزید قرضے لیکر پاکستان کو اٹھائیس ہزار ارب کا مقروض کر دیا ہے انہو ں نے کہا اتوار کو رائے ونڈ مارچ کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے اور رائے ونڈ مارچ ہو کر رہے گا اور رائے ونڈ کی طرف عوامی سونامی جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ، ایف آئی اے اور نیب کو حکمرانوں نے کرپٹ کر دیا ہے اور سپیکر نے جانبداری برت کر سپیکر کہلانے کا حق کھو دیا ہے اس لیے اب وہ صرف ایاز صادق ہے جب اداروں نے انصاف نہیں دیا تو انہوں نے عوا م کے ذریعے رائے ونڈ مارچ کر کے عوامی طاقت سے حساب لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے قبل تحریک انصاف کے وائس چیئر مین مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا اور دونوں رہنماؤں نے تحریک انصاف کے امیدوار رائے مرتضیٰ اقبال کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔

عمران خاں جب گاڑیوں کے قافلہ کے ساتھ مغربی بائی پاس چیچہ وطنی پہنچے تو انہیں بہت بڑے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا راستہ میں بازاروں میں لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انکا یہ قافلہ جلسہ گاہ تک دو گھنٹے میں دو کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکا ۔