پاکستان کا دشمن بڑا ہو یا چھوٹا برداشت نہیں کرینگے، چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

ٹرین حادثہ کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار، ذمہ داروں کو سخت سزا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں،پاکستان مسلم لیک کے رہنماؤں کی گفتگو

جمعہ 16 ستمبر 2016 11:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کوئی چھوٹا ہو یا الطاف حسین کی طرح بڑا پاکستان کے خلاف بات کرنے والا ملک دشمن ہے، کسی کو اس کی اجازت دیں گے نہ یہ برداشت کریں گے، پاکستان ہم 20کروڑ پاکستانیوں کا ہے اور ہم سب اس کا دفاع کرنا اور اس کیلئے قربانی دینا بخوبی جانتے ہیں، پنجاب میں سکیورٹی اداروں کے اپریشن میں بلاامتیاز گرفتاریوں سے اِن ہاؤس تبدیلی بھی آ سکتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور یکجہتی کا تحفظ کسی ایک پارٹی کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے اور وطن عزیز کے لیے ہم سب متحد ہیں، پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسے اختیارات دئیے نہیں لیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاست اپنی جگہ مگر کسی کے گھر پر احتجاج نہیں ہونا چاہئے اور یہ روایت اچھی بھی نہیں، ہم کسی کے گھر احتجاج کیلئے جانے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ایک سوال پر کہا کہ عیدالاضحی پر عوام نے قربانی تو دے دی ہے اب حکمرانوں کی باری ہے، اللہ جانتا ہے کہ اس کا پہلا شکار کون ہو گا، نیشنل ایکشن پلان میں شامل تمام سیاسی جماعتیں پنجاب میں آپریشن کے حق میں تھیں مگر حکومت اس میں رکاوٹیں ڈال رہی تھی، اب رینجرز نے آپریشن شروع کیا ہے تو سب سے زیادہ دہشت گرد پنجاب سے نکل رہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پنجاب حکومت کی غلط پالیسیوں سے چھوٹو گینگ سمیت کئی دہشت گردوں اور مجرموں نے یہاں پناہ لے رکھی تھی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اگر میرٹ پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا اور دہشت گردوں کے تمام حکومتی ساتھی اور سہولت کار بلاامتیاز پکڑے گئے تو اس کے نتیجہ میں اِن ہاؤس تبدیلی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرنے والوں کو پہلے پاکستان میں آواز بلند کرنا چاہئے تھی جو کہ انہوں نے نہیں کی۔ دونوں قائدین نے سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ضلع ناظم گجرات چودھری شفاعت حسین، چودھری مونس الٰہی، راسخ الٰہی، چودھری حسین الٰہی، سابق ایم پی اے چودھری اصغر گھرال، قاضی خالد سیف اللہ اور مسلم لیگی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ گجرات میں نماز عید ادا کی۔

دریں اثناء چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے ملتان ٹرین حادثہ پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، عید کی خوشیاں خراب کرنے والے اس حادثے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :