سانحہ 12مئی،وسیم اخترنے ملوث ہونے کااعتراف کرلیا،پولیس

چالان منظورکرکے کیس اے ٹی سی کوبھجوادیاگیا،رہنماء ایم کیوایم پاکستان ،میئرکراچی سمیت دیگرملزمان کیخلاف قتل،اقدام قتل سمیت 4مزیدمقدمات کاچالان منظور،جبکہ تمام کیسزکی سماعت انسداددہشت گردی کی عدالت منتقل

جمعہ 16 ستمبر 2016 11:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2016ء)سانحہ 12 مئی کے کیس سے متعلق پولیس نے اپنے چالان میں دعویٰ کیا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے سانحہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جب کہ ان کے خلاف چالان منظور کرکے کیس اے ٹی سی کو بھجوادیا گیا ہے۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان اور مئیر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل سمیت 4 مزید مقدمات کا چالان منظور کرلیا گیا ہے جب کہ تمام کیسز کو سماعت کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت میں پیش کیے گئے پولیس چالان کے مطابق مئیرکراچی وسیم اختر نے سانحہ 12 مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے اور انہی کی نشاندہی پر ملزم اسلم کالا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقدمے میں وسیم اختر اور 2 ارکان اسمبلی کامران فاروقی اور محمد عدنان سمیت 49 ملزمان نامزد ہیں جن میں سے کچھ مقدمات میں کامران فاروقی اورمحمد عدنان سمیت 49 ملزمان تاحال گرفتارنہیں ہوسکے جب کہ وسیم اختر،اسلم کالا سمیت 20 ملزمان گرفتار ہیں، ملزمان پرتھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں ہنگامہ آرائی ، فائرنگ ، جلاوٴ گھیراوٴ اور توڑ پھوڑ کے الزامات ہیں۔