قوم سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا ہر صورت پورا کریں گے،نواز شریف

پن بجلی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے،تاخیر حربے کسی صورت برداشت نہیں،وزیر اعظم کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 16 ستمبر 2016 11:11

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2016ء )وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ایک بار پھر عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی مدت ختم ہونے سے قبل ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے۔کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پن بجلی منصوبوں پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے، بجلی کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، قوم سے کیا گیا لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر عہدے داروں نے شرکت کی۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین بھی اجلاس میں شریک تھے جنہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو توانائی کے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم نے نیلم جہلم اورتربیلہ فور پن بجلی منصوبوں پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیلم جہلم اورتربیلا 4 توسیعی منصوبے وقت پر مکمل ہوجائیں گے، نیلم جہلم منصوبے کا پہلا یونٹ فروری 2018 میں کام شروع کر دے گا جبکہ تربیلا 4 کے پہلا یونٹ کا افتتاح 14 اگست 2017 کو کر دیا جائے گا۔وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین کی ملاقات ہوئی ہے۔ چیئرمین واپڈا نے وزیر اعظم نواز شریف کو جاری ہائڈرو پاور منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لیے واپڈا کو موثر طریقے سے کام کرنا چاہیے اور ملک بھر میں آبی ذخائر کی تعمیر تیز کرنی چاہیے اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہونے چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :