ریل گاڑیوں کے 2حادثے،9افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

ملتان میں مسافر ٹرین کی مال گاڑی سے ٹکر،6 افراد ہلاک ، 50 سے زائد زخمی تصادم سے مسافر ٹرین کا انجن اور 4 ڈبے پٹڑی سے اتر گئے،ملتان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ انتظامیہ کی جانب سے خون کے عطیات کی اپیل ،حادثہ مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، حکام

جمعہ 16 ستمبر 2016 11:11

ملتا ن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2016ء) کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں6 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ شب ملتان کے قریب بچھ ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے عوام ایکسپریس کی ٹکر ہوئی، جس کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن اور 4 ڈبے پٹڑی سے اتر گئے جبکہ مال گاڑی کے ڈبے بھی ٹریک سے نیچے اترے۔

ٹرین حادثے کے بعد امدای کارکن فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچے، تاہم نامناسب روشنی کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں 2 گھنٹوں سے زائد وقت لگا، جبکہ فوج کے اہلکار بھی ریسکیو سرگرمیوں میں معاونت کے لیے بچھ ریلوے اسٹیشن پہنچے، کئی گھنٹوں بعد بھی ریلوے ٹریک کلیئر نہیں کیا جا سکا۔ملتان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی۔

(جاری ہے)

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، مال گاڑی کے ریلوے اسٹیشن پر رکھتے ہی سگنل دے دیا گیا تھا، تاہم عوام ایکسپریس کے ڈرائیور نے اس پر غور نہیں کیا اور ریل گاڑی کو نہیں روکا جس کی وجہ سے دونوں گاڑیوں میں ٹکر ہوئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت ناصر اور سردار کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق رحیم یار خان سے بتایا جا رہا ہے۔

حادثے کے بعد مرکزی ریلوے ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا اور ٹرینوں کو متبادل راستے کے طور پر خانیوال سے جہانیاں کی طرف موڑ دیا گیا ہے جہاں سے وہ بہاولپور پہنچ کر ٹریک پر واپس آجائیں گی جب کہ مرکزی ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لئے ہیوی مشینری منگوا لی گئی ہے۔ دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ مسافروں کے لئے متبادل انتظامات کا بندوبست بھی کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر حادثے کی جو وجوہات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق یا تو عوام ایکسپریس کو سگنل نہیں ملا یا پھر عوام ایکسپریس کے ڈرائیور نے سگنل نہیں دیکھا تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔وزیراعظم نواز شریف نے ملتان کے قریب عوامی ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ٹرین حادثے کے تیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدرری کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

ادھر عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں خوفناک تصادم کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی۔سی ای او ریلوے جاوید انور کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ حکومت کو بھجوادی،حادثے میں 3افراد جاں بحق جب کہ31 زخمی ہوئے ،عوام ایکسپریس کے ڈرائیور نے سگنل نظر انداز کیاجو حادثے کا سبب بنا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں6 افراد جاں بحق جب کہ150سے زائد زخمی ہو گئے۔

ملتان میں ٹرین حادثے کی جگہ پر ریلوے لائن کلیئر کرنے کا کام جاری ہے۔ ریسکیو اور ٹریک کی بحالی کے کام میں مدد کے لیے فوج کے دستے بھی موقع پر پہنچ گئے۔ڈی سی او نادر چٹھہ کا کہنا ہے کہ مال گاڑی کے نیچے ایک شخص آکر مر گیا،جس پر مال گاڑی رک گئی ،15 منٹ بعد ٹرین پیچھے سیمال گاڑی سے ٹکراگئی،عوام ایکسپریس کی 4بوگیاں الٹ گئیں۔فتح جنگ کے قریب کار ٹرین کی زد میں آجانے سے3افراد جاں بحق اور3زخمی ہو گئے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کر دیا ہے اطلاعات کے مطابق فتح جھنگ کے قریب قطبال پھاٹک پر اسلام آباد نمبر کی کار نمبرکیووائے351پشاور جانے والی مہر ایکسپریس کی زد میں آگئی جس سے کار میں سوار 2افرادعاقل اور جاوید موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ارسلان ،جاوید،وقاص اور ظہور کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ارسلان بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹرین کی ٹکر سے کا ر 200میٹر دور تک گھسیٹی گئی ۔