آرمی چیف موٹروے پر فوجی افسران کی جانب سے موٹروے پولیس اہلکاروں کو زدوکوب کرنے کا نوٹس لیں ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ

منگل 13 ستمبر 2016 08:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2016ء )ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹرفرید احمد پراچہ نے اٹک کے قریب موٹروے پر بعض آرمی افسران کی طرف سے موٹر وے پولیس پر حملہ آور ہونے ،انہیں زدو کوب کرنے ،وردی پھاڑنے ،اغوا کرکے حراست میں رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعہ کا فوری نوٹس لیں اور محض آرمی عہدے کا فائدہ اٹھا کر قانون کو ہاتھ میں لینے اور قانون کے نفاذ پر ٹریفک پولیس کو مزہ چکھانے والے افراد کا قواعد و ضوابط کے مطابق محاسبہ کریں۔

(جاری ہے)

فرید احمد پراچہ نے کہاکہ ایسے عناصر عوام میں فوج کے احترام و وقار کو متاثر کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں اور خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں۔اگر ان کا محاسبہ نہ کیا گیا تو اس سے پاکستانی عوام میں افواج پاکستان جیسے مقتدر ادارے کے احترام اور وقارکو نقصان پہنچ سکتا ہے۔