پوراسندھ میراحلقہ ہے،سیدمرادعلی شاہ

عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنامیرافرض ہے ،تمام مسائل سے اچھی طرح واقف ہوں جن کے فوری حل کیلئے موثراقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم ہوسکے،وزیراعلیٰ سندھ کاگوٹھ وڈیوں منایوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب

منگل 13 ستمبر 2016 08:47

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا میرا فرض ہے اورپورا سندھ میرا حلقہ ہے جس کے تمام مسائل سے اچھی طرح واقف ہوں جن کے فوری حل کے لیے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم ہو سکے ۔ یہ بات انہوں نے گوٹھ وڈیوں منایوں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ تعلیم و صحت کے شعبوں کو فروغ دیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرنے پر یقین رکھتے ہیں جس کا ثبوت بہت جلد نظر آئیگا کہ ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کروا کر مکمل کیے جائیں گے کہ ایک بار پھر پی پی پی کو نا صرف سندھ بلکہ ملک بھر سے کامیابی حاصل ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اپنی قیادت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد کیا اور اسمبلی ارکین نے مجھے منتخب کیا انہوں نے کہا کہ سندھ کے بیروز گاروں کو روزگار فراہم کیا جائیگا تاہم تمام نوجوانوں کو سرکاری محکموں میں روز گار فراہم نہیں کیا جاسکتا ،لہٰذا پرائیویٹ شعبوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے جس کے لیے ان کی ہمت افزائی کی جائے گی تاکہ بے روز گار نوجوانوں کو روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے میسر ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کا اپنا ہوں اس لیے آپ کی خدمت کرنے کو اپنا فرض سمجھتا ہوں انہوں نے کہا کہ میں آپ کے مسائل سننے اور ان کے فوری کے حل کے لیے بار بار آتا رہوں گا کیوں کہ یہ علاقہ میرا گھر ہے اور اس علاقے کے مسائل کے حل میں آپ کا تعاون درکار رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد اور میں بھی اسی حلقے سے منتخب ہوں کر اسمبلی تک پہنچیں ہیں اور آپ کے حقوق کے لیے کسی بھی قسم کی سودے بازی نہیں کی جائیگی قبل ازیں علاقے کے معززشخصیت ایم این اے رفیق احمد جمالی اور رئیس شمن راھپوٹو نے خطبہ استقبالیہ میں علاقے کے مسائل پیش کیے۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے سہون میں مرحوم ڈاکٹر نذیر سومرو کی وفات پر ان کے بھائی دین محمد سومرو سے تعزیت کی۔ بعد میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ درگاہ واھڑ شریف پہنچے جہاں انہوں نے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور پیر شفیق احمد جان سے ملاقات کی بعد میں وزیر اعلیٰ نے گوٹھ بھنبھا میں سردار سکندر راھیپوٹو کی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :