ہمارانوازشریف کے گھرکی جانب مارچ کاکوئی ارادہ نہیں،علیم خان

جس جگہ احتجاج ہوگاوہ جاتی امراسے 4یا5کلومیٹردورہوگا،جاتی امراکی طرف جوراستے جاتے ہیں ہم ان کی خودحفاظت کرینگے،رہنماء پی ٹی آئی کی اڈاپلاٹ میں میڈیاسے گفتگو

منگل 13 ستمبر 2016 08:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2016ء) پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ ہمارا نوازشریف کے گھر کی جانب مارچ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جس جگہ احتجاج ہوگا وہ جاتی امرا سے 4یا5کلومیٹر دورہوگا۔ جاتی امرا کی طرف جو راستے جاتے ہیں ہم ان کی خود حفاظت کریں گے۔ احتجاج کا حتمی اعلان عمران خان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احتجاج کے انتظامات کے سلسلے میں لاہور میں واقعہ اڈا پلاٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ولید اقبال جمشید چیمہ اورنوید چوہان بھی موجود تھے۔ علیم خان نے کہا کہ یہ بات پھیلائی جارہی ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج جاتی امرا میں میاں نوازشریف کے گھر کے سامنے ہوگا۔ انہوں نے کہا ایسا ہرگز کوئی پروگرام نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دو تین آپشنزموجود ہیں۔ اس وقت آپ اڈا پلاٹ پر کھڑے ہیں یہاں سے جاتی امرا رائیونڈ کا فاصلہ ساڑھے چار کلومیٹر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا نوازشریف کے گھر پر حملہ کرنے کا کوئی پروگرام نہیں اور نہ ہی وہاں پر احتجاج کرنے کا۔ انہوں نے کہا کہ کیا رائیونڈ کا پورا علاقہ میاں نوازشریف کا گھر تو نہیں ہے۔ ڈیفنس، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن یا کینٹ کا یہ مقصد تو نہیں کہ یہ ان کا گھر ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کے گھر کو جانے والے تمام راستوں کی خود حفاظت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس سے بھی گزارش ہے کہ جلسے کے شرکاء کو بلاوجہ تنگ نہ کریں۔ انہوں نے واضح کہا کہ ہم احتجاج کرنے جارہے ہیں دھرنا دینے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا جبکہ اس کی حتمی تاریخ عمران خان خود دیں گے۔