موٹروے پولیس اور پاک فوج کے 2 افسران کے درمیان جھگڑے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، آئی ایس پی آر

کیس میں قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے، بیان

منگل 13 ستمبر 2016 08:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2016ء)ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس اور پاک فوج کے 2 افسران کے درمیان جھگڑے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں،جبکہ کیس میں قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔پیر کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں اور موٹروے پولیس کے درمیان تنازع کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تمام تفصیلات و شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کیس میں قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے مبینہ طور پر جی ٹی روڈ جہانگیر ہ ٹاؤن کے قریب چالان کرنے پر موٹر وے پولیس کے اہلکاروں کی تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد 4 اہلکاروں کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس ( این ایچ ایم پی )کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جان بہادر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ موٹر وے پولیس کے اہلکاروں نے جہانگیرہ ٹاؤن کے قریب 2 تیز رفتارکاروں کو رکنے کا اشعارہ کیا مگر انہوں نے گاڑیوں کو مزید تیز کر لیا جس پر کاروں کا پیچھا کیا گیا اور خیر آباد کے مقام پر روک کر پوچھا گیا تو گاڑیوں میں موجود افراد نے اپنے آپ کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ظاہر کیا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ دونوں گاڑیوں میں موجود افراد سادہ کپڑوں میں تھے جنہوں نے روکے جانے پر اپنے دوستوں کو بھی خیر آباد بلا لیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکار4 گاڑیوں میں وہاں پہنچ گئے اور موٹر وے پولیس کے اہلکاروں کو زدوکوب کرنے لگے۔

متعلقہ عنوان :