ان فٹ کھلاڑیوں کو ٹیم میں برداشت نہیں کروں گا :مکی آرتھر

خراب کارکردگی دکھانے والے خود کو فارغ سمجھیں ، غیر معیاری فٹنس کی وجہ سے عرفان کو دورہ انگلینڈ سے واپس بھیجا گیا، ہیڈکوچ

ہفتہ 10 ستمبر 2016 10:41

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء ) ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ان فٹ کرکٹرز کو پاکستان ٹیم میں برداشت نہیں کروں گا ، کھلاڑی ماضی کے مزے بھول جائیں ، خراب کارکردگی دکھانے والے بھی خود کو فارغ سمجھیں۔ کھلاڑیوں کی ناقص فٹنس اور خراب کارکردگی پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر برہم ، کہتے ہیں انگلینڈ کیخلاف محمد عرفان کی غیر معیاری فٹنس نے مایوس کیا۔

اسی لئے سیریز کے دوران محمد عرفان کو واپس پاکستان بھجوا دیا تھا۔ ون ڈے سیریز میں ان فٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ کو بھی ٹیم میں نہیں رکھا۔ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کھیلنا تو دور کی بات ان فٹ کھلاڑی ٹیم کیساتھ بھی نہیں رہ سکے گا۔ پاکستان کے بجائے اپنے لئے کھیلنے والے اور خراب کارکردگی کے حامل کھلاڑی بھی خود کو فارغ سمجھیں۔

(جاری ہے)

مکی آرتھر نے کہا کہ قومی ٹیم سے انگلینڈ میں بہتر کارکردگی کی امید تھی مگر بدقسمتی سے ہم ایک روزہ میچز میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور چار ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اس کے علاوہ ایک میچ میں ہمارے باؤلرز کو دنیا کے سب سے بڑے ٹوٹل کا تعاقب بھی کرنا پڑا جو ہمارے باؤلر کی ناتجربہ کاری کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ہمیں اگر عالمی سطح پر اپنی رینکنگ میں بہتری لانی ہے تو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ورنہ قومی کرکٹ ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کیلئے جگہ بنانا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خالد لطیف اور شرجیل خان نے واحد ٹی ٹونٹی میں جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ نوجوانوں کیلئے ایک مثال ہے اور میری خواہش ہے کہ دورہ ویسٹ انڈٰیز کے دوران بھی قومی ٹیم ایسی ہی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔