رمضان شوگر مل سے 3سو سے زائد لیٹر انڈیا میں پاکستانی ہائی کمشنر کو بھجوائے گئے،پولیس رپورٹ اور چیکنگ سے استثنیٰ کی ہدایت کی گئی ،طاہرالقادری کا انکشاف

50 انڈینزکے نام بمعہ پاسپورٹ نمبر اجرا پہلی قسط ہے حکمران تردید کریں دوسری قسط بھی جاری کر دوں گا جرائم کے ثبوت ختم کرنے کیلئے ریکارڈ کو جلا دیا جاتا ہے عوام اور ادارے فیصلہ کریں انہیں پاکستان چاہیے یا حکمران خاندان،دہشتگرد اور انکے سہولت کار کراچی میں ہو ں،سندھ میں ہوں ،وزیر ستان میں ہوں یا پنجاب میں انکا خاتمہ ہونا چاہیے،سربراہ عوامی تحریک کی پریس کانفرنس

ہفتہ 10 ستمبر 2016 10:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء )پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر لقادری نے پریس کانفرنس کے دوران شریف برادران کی شوگر ملوں میں کام کرنیوالے 3سو میں سے 50انڈین جو انجنیئرز،ٹیکنیشنز،آئی ٹی سپیشلسٹ اور ویلڈرز کے ویزوں پر پاکستان آئے انکی فہرست بمعہ پاسپورٹ نمبر میڈیا کو جاری کر دی ہے ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ رمضان شوگر مل سے 3سو سے زائد لیٹر انڈیا میں پاکستانی ہائی کمشنر کو بھجوائے گئے ،جنہیں پولیس رپورٹ اور چیکنگ سے استثنیٰ کی ہدایت کی گئی ۔

انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2010 تک پاکستان سے بھارت جانے والے سالانہ سرمائے کی مالیت 10کروڑ روپے تھی ،شریف برادران کی حکومت آنے کے بعد ایک سال میں 470ارب روپیہ سالانہ انڈیا منتقل ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

26نومبر 2015 کو اپیکس کمیٹی میں ایک کور کمانڈر نے کہا کہ پنجاب پولیس دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی صلاحیت نہیں رکھتی ،رینجرز کو آپریشن کی اجازت ملنی چاہیے۔

دو اڑھائی سو دہشتگرد پنجاب سے پکڑ لئے جائیں تو ایک ہی رات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن دہشتگردی کا کھرا بھی چند وزراء سے ہوتا ہوا براہ راست سلطنت شریفیہ کے گھروں تک جائے گا۔بارڈر پر کشیدگی اور حکمران خاندان میں دوستی ہے ۔کسی بھی شخص کے ماتھے پر جاسوس نہیں لکھا ہوتا کلبھوشن کے ماتھے پر بھی جاسوس نہیں لکھاہوا تھا ۔50 انڈینزکے نام بمعہ پاسپورٹ نمبر اجرا پہلی قسط ہے حکمران تردید کریں دوسری قسط بھی جاری کر دوں گا ۔

کیا انڈین انجنیئرز،ٹیکنیشن،آئی ٹی ایکسپرٹس کو ویزا قوانین اجازت دیتے ہیں؟انڈیا سے آنے والے جاسوس نہیں تو پھر پولیس تصدیق اور رپورٹنگ سے انہیں استثنیٰ کیوں حاصل ہے ؟ اس موقع پر عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ،بشارت جسپال،شہزاد نقوی،ساجد بھٹی موجود تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 3ستمبر کو راولپنڈی کے سا لمیت پاکستان مارچ کے موقع پر حکمران خاندان کی طرف سے ملکی سا لمیت پر حملوں کے حوالے سے میں نے جو انکشافات کئے تھے آج کے دن تک اسکی سرکاری سطح پر تردید نہیں آئی ۔

یہ خاموشی جرم کا اعتراف ہے ۔انہوں نے کہا کہ جرائم کے ثبوت ختم کرنے کیلئے ریکارڈ کو جلا دیا جاتا ہے ۔میٹرو بس ،ایل ڈی اے پلازہ اور نندی پور کے ریکارڈ کو جلایا جا چکا،رمضان شوگر مل کو آگ لگنا معنی خیز ہے اس شوگر مل میں انڈین موجود تھے ۔میرا سوال ہے کہ صرف حکمران خاندان کو یہ سہولت میسر کیوں ہے؟ انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دشمنی ہے جبکہ حکمران خاندان نے اپنی شو گر ملوں میں انڈینز کو پناہ دے رکھی ہے ،کیا یہ سہولت کسی اور کاروباری خاندان کو بھی حاصل ہے؟ انہوں نے کہاکہ شریف خاندان اور وزراء کو گرفتار کر لیا جائے ورنہ میٹرو بس لاہور اور نندی پور پاور پروجیکٹ کی طرح اہم ریکارڈ جلا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی سپیشل انڈین پرسونلزکوخصوصی ویزوں پر بلاتی ہے یہ ملٹی پل ویزے ہوتے ہیں اور مروجہ قوانین کو معطل کر کے لگوائے جاتے ہیں ۔سیکیورٹی کے اداروں کو کلیرنس کے عمل سے الگ رکھا جاتا ہے کیونکہ تمام ادارے انکی مٹھی میں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام اور ادارے فیصلہ کریں انہیں پاکستان چاہیے یا حکمران خاندان،دہشتگرد اور انکے سہولت کار کراچی میں ہو ں،سندھ میں ہوں ،وزیر ستان میں ہوں یا پنجاب میں انکا خاتمہ ہونا چاہیے۔