رائے ونڈ مارچ محرم سے پہلے ہوگا تاریخ میں ردوبدل ہوسکتی ہے،عمران خان

آخری حد تک سب کو ساتھ رکھنے کی کوشش کریں گے ، پولیس کا استعمال کیا گیا تو شہر بند کردیں گے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 ستمبر 2016 10:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ رائے ونڈ مارچ محرم سے پہلے ہوگا تاریخ میں ردوبدل ہوسکتی ہے۔ آخری حد تک سب کو ساتھ رکھنے کی کوشش کریں گے۔ اگر ہمارے خلاف پولیس کا استعمال کیا گیا تو شہر بند کردیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں جمہوری ادارے خود مختار ہوتے ہیں وزیراعظم اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے تمام ادارے تباہ کررہے ہیں پانامہ لیکس پر وزیراعظم کے جواب کیلئے آخری حد تک جائیں گے اور پوری کوشش کریں گے کہ تمام اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں انہوں نے کہاکہ رائے ونڈ مارچ ہر حال میں ہوگا رائیونڈمارچ کیلئے دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہیں ہمارا مقصد کسی کے گھر جانا نہیں رائے ونڈ میں جلسہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

رائے ونڈ مارچ محرم سے پہلے ہوگا اس کی تاریخ میں ردوبدل ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اور نواز شریف کے دورمیں کوئی فرق نہیں یہ اپنی کرپشن کو چھپا رہے ہیں اور ہم ان کے خلاف پورے ملک کو اکٹھا کررہے ہیں ہم تمام جماعتوں کوساتھ رکھیں گے اگر اکیلے بھی جانا ہوا تو بھی رائے وفد جائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم دھمکیوں سے گھبرانے والے نہیں ن لیگ آمریت کی گود میں پلی ہوئی ہے اور انہوں نے تمام ادارے اپنے کنٹرول میں رکھے ہوئے ہیں اگر ہمارے خلاف پولیس کو استعمال کیا گیا تو شہر بند کردیں گے انہوں نے کہا کہ نیب چھوٹے چوروں کو پکڑ کررہی ہے لیکن بڑے چوروں کو کچھ نہیں کہا جارہا۔