وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس

کومبنگ آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا،وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بریفنگ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت مظالم سے آگاہ کیا گیا وزیراعظم کا امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہار

ہفتہ 10 ستمبر 2016 10:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء)وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصر جنجوعہ اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر سول وعسکری حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں امن وامان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس دوران ملک میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف جاری کومبنگ آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کے حوالے سے اہم امور کا جائزہ لیا ۔وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت مظالم سے آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کر نے کے حوالے سے امور کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہار کیا اور ملک سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل صفایا کرنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جلد امن و امان قائم ہو جائے گا اور ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوجائیگا، وزیراعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کوششیں لائق تحسین ہیں۔