ترکی اور امریکہ رقہ میں مشترکہ کارروائی کے لیے تیار ہیں ، ترک صدر

جی 20 کے اجلاس کے دوران ملاقات میں امریکی ہم منصب نے جنگجووٴں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی تجویز پیش کی تھی امریکہ کی جانب سے اردغان کے بیان کی تصدیق نہیں کی گئی

جمعرات 8 ستمبر 2016 11:11

انقرہ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2016ء )ترک صدر رجب طیب اردوغان کا کہنا ہے ترکی اور امریکہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو شام میں اس کے مضبوط ٹھکانے رقہ سے بے دخل کرنے کے لیے تیار ہیں۔صدر اردوغان کا کہنا ہے چین میں جی 20 کے اجلاس کے دوران ملاقات میں ان کے امریکی ہم منصب براک اوباما نے جنگجووٴں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی تجویز پیش کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی کارروائی سے ترکی کو ’کوئی مسئلہ نہیں‘ ہو گا۔گذشتہ مہینے ترکی نے شام میں آپریشن کا آغاز کیا تھا جس میں دولت اسلامیہ اور کرد باغیوں دونوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ترک نواز ملیشیا نے سرحدی قصبے جرابلس سے دولت اسلامیہ کو بے دخل کر دیا تھا تاہم ترکی کرد جنگجووٴں کی پیش قدمی کے بارے میں بھی تشویش مند ہے جنھیں وہ دہشت گرد تسلیم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ کارروائی جاری ہے جبکہ شامی صدر بشار الاسد کے اتحادی روس کا کہنا ہے کہ وہ ترک فوجوں کے شامی علاقوں میں داخل ہونے کے بارے میں سخت تشویش مند ہے۔ترک صدر اردوغان کا رقہ کے بارے میں حالیہ بیان ترک ذرائع ابلاغ میں نشر کیا گیا ہے تاہم امریکہ کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔صدر اردوغان کا کہنا تھا کہ ’اوباما رقہ میں مشترکہ طور پر کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

ہم نے کہا کہ یہ ہمارے تناظر میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔‘صدر اردوغان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے کہا تھا کہ ہمارے سپاہیوں کو اکٹھے ہونا چاہیے اور بات چیت کرنا چاہیے، پھر جو کچھ بھی ضروری ہوگا کیا جائے گا۔‘ایک اندازے کے مطابق ڈھائی سے پانچ لاکھ کے درمیان افراد اب بھی اس شہر میں مقیم ہیں اور دولت اسلامیہ کے جنگجووٴں کی جانب سے عام شہریوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کی خبریں منظر عام پر آتی رہتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :