بھارت: کالے جادو سے پڑوسیوں کو قتل کرنے کاالزام

دیہاتیوں نے دو افراد کوبدترین تشدد کانشانہ بنا کر زندہ جلا کر ہلاک کردیا

جمعرات 8 ستمبر 2016 11:10

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2016ء ) بھارت میں مبینہ طور پر کالے جادو سے پڑوسیوں کو قتل کرنے کے الزام میں 2 افراد کو زندہ جلا کر ہلاک کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے ایک گاوٴں میں دیہاتیوں نے 2 افراد پر 'کالے جادو' کے ذریعے اپنے پڑوسیوں کو قتل کرنے کا الزام لگایا اور ان کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا کر ہلاک کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول گذشتہ روز ہی گاوٴں واپس لوٹے تھے جب انھیں دیہاتیوں نے پکڑا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ضلع گاجاپاتی کے ڈپٹی پولیس چیف سنتوش کمار مشرا کا کہنا تھا کہ دیہاتیوں نے ان پر الزام لگایا کہ انھوں نے کالے جادو کی مدد سے 4 دیہاتیوں اور ایک بچے کو ہلاک کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے واقعے میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ ہندوستان کے دیہی علاقوں میں آج بھی جادو اور توہمات پر یقین کیا جاتا ہے جبکہ یہاں انسانی قربانی کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سال 2000 سے 2012 کے درمیان ہندوستان میں جادو کے الزام میں 2000 سے زائد افراد کو قتل کیا گیا، جن میں سے بیشترخواتین تھیں۔یاد رہے کہ ہندوستان کی متعدد ریاستوں، جن میں اڑیسہ بھی شامل ہے، جادو اور توہمات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی قانون متعارف کرایا گیا ہے، اس کے باوجود شہری ایسے افراد کے خلاف خود ہی کارروائی کردیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :