نئی ون ڈے رینکنگ جاری؛ کوئی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں

وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی 21 درجے ترقی،40 ویں نمبر پر پہنچ گئے ، کپتان اظہر علی بھی 15 درجے ترقی پاکر 33 ویں نمبر پر آگئے جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز بدستور سرفہرست، 10 بہترین بولرز اور آل راوٴنڈرز میں بھی کوئی پاکستانی ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہا،محمد عرفان کا گیارہواں نمبر ہے

منگل 6 ستمبر 2016 04:15

دبئی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2016ء ) آئی سی سی نے ون ڈے فارمیٹ میں کھلاڑیون کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہوسکا تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد 21 درجے کی چھلانگ لگاکر 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور آخری میچ میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد رینکنگ میں 21 درجے ترقی پاکر 40 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی 15 درجے ترقی پاکر 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں کوئی پاکستانی بلے باز جگہ نہ بنا سکا، جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز بدستور سرفہرست ہیں جب کہ بھارت کے تین کھلاڑی ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

10 بہترین بولرز کی فہرست میں بھی کوئی پاکستانی جگہ نہ بنا سکا تاہم محمد عرفان کا گیارہواں نمبر ہے جب کہ آل راوٴنڈرز میں بھی کوئی پاکستانی ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم پوری سیریز میں صرف سرفراز احمد ہی وہ واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے 300 رنز بنائے۔