مہمند ایجنسی ، 7سالہ بچی غیر معمولی ذہانت اور صلاحیتوں کی مالک

انگریزی کے تین ہزار سے زائد ذخیرہ الفاظ سمیت مختلف موضوعات پر تقاریر ، 45دن میں قرآن پاک ناظرہ پر ختم کیا

پیر 5 ستمبر 2016 10:52

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2016ء ) قبائلی علاقہ مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والی 7سالہ بچی غیر معمولی ذہانت اور صلاحیتوں کی مالک انگریزی کے تین ہزار سے زائد ذخیرہ الفاظ سمیت مختلف موضوعات پر تقاریر کے علاوہ 45دن میں قرآن پاک ناظرہ پر ختم کیا۔قبائلی علاقہ پنڈیالی گڑنگ ماندل مہمند ایجنسی کے 7سالہ فاطمہ دختر سید عالم غیر معمولی ذہانت اورصلاحیتوں کی مالک ہے اور روایاتی قبائلی ماحول کے باوجود تین ہزار سے زائد انگلش ذخیرہ الفاظ ازبر یاد ہے ۔

اسکے علاوہ مختلف موضوعات پر تقاریر کرسکتی ہے ۔جبکہ ایک بار کسی بھی کتاب یا مضمون کا مطالعہ کرنے کے بعد اسے یاد کرسکتی ہے اپنے ایک انٹرویو میں فاطمہ نے کہا کہ وہ چونکہ ایک پسماندہ اور روایات پسند علاقہ میں رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

جہاں پر تعلیمی وطبی اور دیگر سہولیات کی کمی ہے اور ہمارے علاقہ کی لڑکیاں قریب مڈل یا ہائی سکول نہ ہونے کی وجہ سے پرائمری کے بعد تعلیمی سلسلہ ادھورا چھوڑ دیتی ہے مگر وہ اعلی تعلیم حاصل کرکے لیڈی ڈاکٹر بن کر اپنے علاقے کے خواتین کی خدمت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ کے لوگ روایات کے برعکس اب اپنی بچیوں کو پڑھانا چاہتے مگر تعلیمی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ ایسا کرنے سے قاصر ہے اس لئے حکومت قبائلی علاقوں میں فروغ تعلیم باالحصوص تعلیم نسواں پر توجہ دیں ۔اس موقع پر فاطمہ کے والد سید عالم نے کہا کہ یہ بچی انتہائی ذہین ہے اور اسے حکومت سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے