سعودی فورسز اور اتحادی طیاروں کی حوثیوں پر بمباری ،کئی ٹھکانے تباہ

پیر 5 ستمبر 2016 11:02

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2016ء)سعودی عرب کی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے یمن کی سرحد سے متصل شہر نجران میں جبل المخروق کے ساتھ پھیلے یمنی باغیوں کے ٹھکانوں پر بھاری توپخانے سے حملہ کر کے دشمن کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے ہیں۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی فورسز نے جبل المخروق کے قریب سرحدی علاقوں حرض اور حجہ ڈاریکٹوریٹ کے قرب وجوار اور ساحلی علاقوں میں بنائے گئے ٹھکانوں پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں باغیوں کو غیر معمولی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

سعودی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی شیلنگ سے نہ صرف یمنی باغیوں کے کئی ٹھکانے تباہ ہوئے بلکہ باغیوں کی طرف سے سعودی عرب میں دراندازی اور یمن میں راکٹ حملوں کے لیے راکٹ لانچنگ اڈے قائم کرنے کی سازشیں بھی ناکام بنا دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

یمن میں حوثیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے صعدہ گورنری کے علاقوں آل الصیف، قحزہ اور سعودی عرب کی سرحد سے متصل علاقے الخوبہ میں بھی یمنی باغیوں کے متعدد فوجی مراکز تباہ کردیے گئے ہیں۔

شمال مشرقی صنعاء میں ارحب ڈاریکٹوریٹ کے علاقے بیت مران میں یمنی باغی ملیشیا کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جب کہ عمران اور صعدہ کے درمیان المعالقہ فوجی اڈے کو بمباری سے نقصان پہنچایا گیا۔الحدیدہ گورنری میں باجل، الصلیف بندرگاہ اور اس کے آس پاس باغیوں کی فوجی چھاوٴنیوں کو اتحادی طیاروں سے بمباری کانشانہ بنایا گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے پہاڑی سرحدی علاقے تضاریس میں گشت بڑھا دیا ہے۔ گشت کا مقصد حوثی باغیوں کو سعودی عرب میں دراندازی کی کوشش سے روکنا ہے۔ یمنی باغیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لیے بغیر پائلٹ ڈرون طیارے اور اپاچی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :