عالمی رہنما ’کھوکھلے مذاکرات‘سے اجتناب کریں،چینی صدر

پیر 5 ستمبر 2016 11:01

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2016ء)چین کے صدر شی جن پنگ نے جی 20 اجلاس میں شرکت کے لیے آئے عالمی رہنماوٴں سے کہا ہے کہ وہ’کھوکھلے‘ مذاکرات سے اجتناب کریں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر نے کہا ہے کہ اقتصادی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ بامقصد بات چیت کی جائے۔خیال رہے کہ دنیا کی 20 بڑی معاشی طاقتوں پر مشتمل جی 20 گروپ کے ممبران کا اجلاس پہلی بار چین میں منعقد ہو رہا ہے۔

چین کے صدر نے کہا ہے کہ عالمی معیشت میں بہتری آ رہی ہے تاہم ابھی بھی بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔چین کے شہر ہانڑوا میں جی 20 گروپ کے رکن ممالک کے اجلاس کے موقع پر چینی صدر کا کہنا تھا کہ ’عالمی معیشت کو درپیش مسائل کے تناظر میں بین الاقوامی برادری کو جی 20 اجلاس سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔

(جاری ہے)

‘اجلاس میں دیگر اہم مسائل پر بات چیت کے علاوہ برطانیہ کی جانب سے یورپی یونین کو چھوڑنے کے فیصلے، بین الاقوامی سٹیل کی منڈی کو درپیش بحران اور ایپل جیسی بڑی کمپنیوں کے ٹیکس مامعلات پر بھی غور کیا جائے گا۔

جی 20 اجلاس سے قبل عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کی تھا کہ اس برس بھی عالمی اقتصادی ترقی کی رفتار کی پیشن گوئی میں کمی امکان ہے۔یاد رہے کہ برطانیہ کی جانب سے یورپی یونین کو چھوڑنے کے حق میں ووٹ آنے کے بعد آئی ایم ایف پہلے ہی رواں برس کے لیے عالمی اقتصادی ترقی کے ٹارگٹ میں کمی کا اعلان کر چکی ہے