سینئر سکورر پی سی بی عبدالحمید بینیفٹ میچ کیلئے کپتان ٹیم اظہر علی کی طرف سے 2 لاکھ دینے کا اعلان

ایلیٹ امپائر علیم ڈار نے اہلخانہ کیلئے 5ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان کر دیا‘ میچ 25 ستمبر کو شاہ فیصل کرکٹ گراوٴنڈ پر کھیلا جائیگا

ہفتہ 3 ستمبر 2016 09:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2016ء ) عامر کیبلز کے زیر اہتمام سینئر سکورر پی سی بی عبدالحمید (پوپا) مرحوم کی کرکٹ کیلئے دی جانیوالی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے عامر الیاس بٹ الیون اور سلمان خان الیون کے درمیان بینیفٹ میچ 25 ستمبر کو شاہ فیصل کرکٹ گراوٴنڈ پر کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سی ای او عامر کیبلز /کرکٹ پروموٹرعامر الیاس بٹ نے 2 لاکھ روپے اور ان کی فیملی نے 60 ہزار روپے امدادی رقم کا اعلان کیا جبکہ مرحوم کی فیملی کو ماہانہ وظیفہ دس ہزار روپے بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

عامر الیاس بٹ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں تاکہ مرحوم کی فیملی کو ہر قسم کی پریشانی سے بچایا جاسکے اور وہ بہترین زندگی گزار سکیں۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم اظہر علی نے بھی بینیفٹ میچ کے لئے 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایلیٹ امپائر علیم ڈار نے مرحوم کی فیملی کے لئے5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کی حامی بھری ہے۔