ایم کیو ایم پاکستان کا نیا پارٹی پرچم تیار،بانی متحدہ کا نام ہٹادیا گیا

جمعہ 2 ستمبر 2016 12:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2ستمبر۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اپنے پارٹی پرچم سے متحدہ قائد کا نام ہٹادیا ہے۔22 اگست کے واقعے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اپنے بانی اور لندن سیکریٹریٹ سے دور ہوتی جارہی ہے۔ متحدہ قائد سے مستقل لاتعلقی کے اعلان کے بعد اب پارٹی پرچم سے ان کا نام بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی بی کالونی میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ اور پی ایس 127 میں ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں لگائے گئے پرچموں میں اب متحدہ قائد کے نام کے بجائے پارٹی کا انتخابی نشان پتنگ نمایاں ہے۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں کے پرچموں کی فروخت کے کاروبار سے منسلک افراد نے بھی متحدہ قائد کے نام والا پرچم ہٹادیا ہے۔واضح رہے کہ 22 اگست کو ایم کیو ایم کے بانی کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور اشتعال انگیز نعروں کے بعد پارٹی کی مقامی قیادت نے لندن سیکریٹریٹ سے تعلق توڑتے ہوئے متحدہ قائد کے بیان سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔