ایم کیو ایم کوسیاسی جماعت نہیں مانتا اگر ایم کیو ایم الطاف حسین سے الگ نہ ہو تو اس پر پابندی لگا دینی چاہیے، عمران خان

الطاف حسین کے خلاف کاروائی کے لئے نوازشریف کے ساتھ ہوں ، پنجاب پولیس (ن) لیگ کا مسلح ونگ ہے ، پنجاب پولیس کا ایک ایس پی (ن) لیگ کے لئے ووٹ مانگتا رہا ، پانامہ لیکس پر حکومت کے احتساب کے لئے پوری اپوزیشن ایک ساتھ کھڑی ہے ، حکومت کی کرپشن کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک ساتھ کھڑی ہیں ، 3 ستمبر کو لاہور والے بھی ہماری کرپشن کے خلاف احتجاجی ریلی کے لئے بھرپور طریقے سے نکلیں گے ، پاکستان کی ایلیٹ کلاس ملک کو لوٹ رہی ہے اور پیسہ ملک سے باہر منتقل کر رہے ہیں ، یہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 2 ستمبر 2016 11:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2ستمبر۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم کوسیاسی جماعت نہیں مانتا اگر ایم کیو ایم الطاف حسین سے الگ نہ ہو تو اس پر پابندی لگا دینی چاہیے، الطاف حسین کے خلاف کاروائی کے لئے نوازشریف کے ساتھ ہوں ، پنجاب پولیس (ن) لیگ کا مسلح ونگ ہے ، پنجاب پولیس کا ایک ایس پی (ن) لیگ کے لئے ووٹ مانگتا رہا ، پانامہ لیکس پر حکومت کے احتساب کے لئے پوری اپوزیشن ایک ساتھ کھڑی ہے ۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کو سیاسی جماعت نہیں مانتا ، ایم کیو ایم اگر الطاف حسین سے الگ نہ ہو تو اس پر پابندی لگنی چاہیے ۔ عمران خان نے کہا کہ الطاف حسین پر کاروائی کے لئے نوازشریف کے ساتھ ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس مسلم لیگ (ن) کا مسلح ونگ ہے ، پنجاب پولیس کا ایک ایس پی (ن) لیگ کے لئے ووٹ مانگتا رہا ، اخلاقی طور پر پانامہ لیکس سامنے آنے پر نوازشریف کو استعفیٰ دینا چاہیے تھا مگر وہ جانتے ہیں اگر وہ اقتدار سے الگ ہو گئے تو سیدھا جیل میں آئیں گے ۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کی کرپشن کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک ساتھ کھڑی ہیں اور 3 ستمبر کو لاہور والے بھی ہماری کرپشن کے خلاف احتجاجی ریلی کے لئے بھرپور طریقے سے نکلیں گے ۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے ایلیٹ کلاس ملک کو لوٹ رہی ہے اور پیسہ ملک سے باہر منتقل کر رہے ہیں ، یہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اگر ان پر پیسہ انویسٹ کیا جائے تو وہ خود ہی ملک کو اوپر اٹھا دیں گے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نوازشریف نے تمام ادارے اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لئے تباہ کر دیئے ہیں ۔ نیب بھی آزاد نہیں ہے ، عدالتیں بھی آزاد نہیں ہیں ، ہم کیا کریں ، ہمیں بھی تو کہیں سے انصاف چاہیے ۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے نوازشریف نے ہماری ٹی اوآرزکے ساتھ اتفاق نہیں یا اب ہمارے پاس انصاف لینے کے لئے سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے احتجاج سے نجات حاصل کرنے کے لئے نوازشریف کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ ہمارے ٹی او آرز کیساتھ اتفاق کر لیں یا پھر استعفیٰ دے کر گھر چلا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تین تاریخ کوحکومت کے خلاف زبردست احتجاج کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل اسی دن عوام کے سامنے پیش کروں گا۔