اسلام آباد،پاکستان میں بغیرویزے رہنے والے بھارتی سفارتکارکامعاملہ پیچیدہ ہوگیا

پاکستانی وزارت داخلہ اوربھارتی ہائی کمیشن کے درمیان تنازعہ پیداہوگیا

منگل 30 اگست 2016 11:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2016ء)پاکستان میں بغیرویزے کے رہنے والے بھارتی سفارتکارکامعاملہ پیچیدہ ہوگیا ہے اورپاکستانی وزارت داخلہ اوربھارتی ہائی کمیشن کے درمیان تنازعہ پیداہوگیاہے ،وزارت داخلہ اوربھارتی ہائی کمیشن نے متنازعہ بیانات جاری کئے ہیں ۔جس میں ایک دوسرے کے دعووٴں کی تردیدکی گئی ہے ،وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ پاکستان میں تعیناتی سے پہلے بھارتی سفارتکارپیرس میں بھارتی سفارتخانے میں خدمات انجام دے رہاتھااوراس نے پیرس میں پاکستانی سفارتخانے سے ایک سال کاملٹی پل ویزاحاصل کیا۔

تاہم بھارتی ہائی کمیشن نے اپنے سفارتکارکے بارے میں وزارت داخلہ کے دعووٴں کی تردیدکی ہے ۔بھارتی ہائی کمیشن کے ترجمان کی طرف سے جاری تحریری بیان میں کہاگیاہے کہ متعلقہ سفارتکاراوراس کی فیملی کے ویزے کی میعادصرف90دن کی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی سفارتخانے کے ترجمان نے کہاکہ ہم وزارت خارجہ امورسے ایک بارپھردرخواست کرتے ہیں کہ وہ دوطرفہ سمجھوتے کے تحت سفارتکاراوراس کی فیملی کے ارکان کے ویزے کامسئلہ حل کرے ۔

چوہدری نثارعلی خان جوبھارت مخالف موٴقف کے حوالے سے جانے جاتے ہیں کی سربراہی میں قائم وزارت داخلہ کاکہناہے کہ بھارتی سفارتکارکودونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ ویزاسمجھوتہ کے تحت سفارتی ویزاجاری کردیاگیاہے ۔تاہم بھارتی ہائی کمیشن کاکہناہے کہ سفارتکارکے ویزے کی مدت صرف نوے دن ہے اوراسے کبھی بھی سفارتی ویزاجاری نہیں کیاگیا۔دوسری طرف دفترخارجہ نے اس معاملے پرخاموشی اختیارکررکھی ہے