عمران خان کا ڈاکٹر طاہر القادری کو فون ،ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص اور پانامہ لیکس کے احتساب کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم

منگل 30 اگست 2016 11:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری سے فون پر بات چیت کی اور انکی خیریت دیافت کی ۔ رہنماؤں نے احتجاجی تحریک اور ملکی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے پانامہ لیکس کی کرپشن اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیا ہے ۔

عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری کو 3ستمبر کے پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے جبکہ ڈاکٹرطاہر القادری نے بھی عمران خان کو 3ستمبر راولپنڈی کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جودونوں طرف سے قبول کی گئی ۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی نے بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے بورے والا جلسہ کے بعد 8بج کر40منٹ پر سربراہ عوامی تحریک کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دی ،سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے بھی 3ستمبر راولپنڈی کی احتجاجی ریلی اور دھرنے کی دعوت دی گئی جو ددونوں رہنماؤں نے قبول کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے درمیان پانامہ لیکس کی تحقیقات کا وزیر اعظم کے خاندان سے آغاز اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے حوالے سے مکمل ہم آہنگی اور یکسوئی پائی جاتی ہے ۔دونوں جماعتیں ملکی سا لمیت کے تحفظ،انصاف کی فراہمی اور کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے واضح روڈ میپ رکھتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں چودھری سرور ،میاں محمود الرشید اور سید صمصام بخاری کے ساتھ بھی آئندہ کی احتجاجی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی