سجاول،5ہزارکے جعلی نوٹ گردش میں ہونے کاانکشاف

اتوار 28 اگست 2016 12:35

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2016ء ) سجاول میں پانچ ھزار کے جعلی نوٹ گردش میں ہونے کا انکشاف ہواہے سجاول تھانے پر گاؤں خمیسوخان پٹھان کے رہائشی ڈاکٹرامین اسحاق نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ مقامی مویشی تاجروں رفیق لغاری اور سلیم لغاری نے اس سے بھینس خریدنے کے بعدپنسٹھ ہزار روپے کے بدلے پانچ ہزارروپے تیرہ جعلی نوٹ دئے، ان نوٹوں کو مقامی بینک میں بھی جعلی قرار دیاگیاہے، اس ضمن میں ایس ایچ او راجہ نوید کا کہنا ہے کہ مویشی تاجروں نے بتایاکہ پانچ ہزار کے نوٹ انہیں مویشی منڈی سے ملے ہیں اس لئے دونوں پارٹیوں کو طلب کرلیاگیاہے،پولیس نے نوٹ تحویل میں لے لئے ہیں ،جبکہ رپورٹ درج کرنے کے بعد کوئی گرفتاری نہیں کی گئی ہے، واضع رہے کہ سجاول میں ایک ہزار روپے کے جعلی نوٹ پہلے بھی یہاں زیرگردش رہے تھے ، اب پانچ ہزار کے جعلی نوٹ سامنے آئے ہیں جو ہوبہو اصلی لگتے ہیں رنگ اور جھنڈے کے نشان میں معمولی فرق ہے جبکہ آگے اور پیچھے انتہائی معمولی سرخ رنگ کا فرق ہے ،جبکہ سیریل میں بھی فرق ہے ،تاہم یہ تمام اصلی نوٹ کو سامنے رکھ کر بغور دیکھنے سے ہی پتہ چلتاہے ،ایسے نوٹ آسانی سے کسی کو بھی پھنسائے جاسکتے ہیں ،مقامی پولیس جعلسازی کے انتہائی اہم کیس کو محض فراڈ کیس کے طورپر ڈیل کررہی ہے ،یہ خدشہ ظاہر کیاجارہاہے کہ پانچ ہزار روپے کے جعلی نوٹوں کی بڑی کھیپ پھیلائی جارہی ہے جس سے ملک کو معاشی نقصان کا اندیشہ ہے