بنگلہ دیش :سکیورٹی فورسز کی کارروائی ،گلشن کیفے حملے کا سرغنہ سمیت3 دہشت گرد ہلاک

اتوار 28 اگست 2016 12:38

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2016ء) بنگلہ دیش میں سیکورٹی فورسز نے گلشن کیفے حملے کے سرغنہ سمیت تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس بنگلہ دیش اے کے ایم شاہد الحق نے بتایا کہ دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے نارائن گنج میں مشترکہ فورسز کے خصوصی آپریشن کے نتیجے میں بنگلہ دیشی نژاد کینیڈین شہری تمیم چودھری سمیت تین دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے جو کہ گلشن کیفے پرحملے میں ملوث تھے انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد اور گرنیڈز بھی برآمد کئے گئے ۔

(جاری ہے)

، سینئر پولیس افسر سنورحسین کے مطابق ڈھاکہ پولیس نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ،ہلاک ہونے والوں میں تمیم چوہدری ہلاک بھی شامل ہے جو گلشن حملے کا سرغنہ ہے ،تمیم چوہدری جے ایم بی (جمعیت المجاہدین بنگلہ دیش، ملکی انتہا پسند تنظیم) کا رہنما ہے ۔پولیس افسر کے مطابق ڈھاکہ کے پچیس کلومیٹر جنوب میں نرائن گنج شہر میں انتہا پسندوں کیساتھ ایک گھنٹے کی طویل جھڑپ کے بعد تینوں دہشت گردوں کو مارا گیا ہے جن کی لاشیں پولیس نے تحویل میں لے لی ہیں۔واضح رہے کہ گلشن کیفے پر یکم جولائی کو حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر غیرملکی تھے ۔

متعلقہ عنوان :