این اے خارجہ کمیٹی نے نیب سے این آر او کے تحت معاف کیسز کی فہرست مانگ لی

کرپشن روکنے کے قوانین کو اقوام متحدہ کے قوانین کی روشنی میں ڈھالنے کے حوالے سے اقدامات سے آئندہ اجلاس میں آگاہ کیا جائے، دانیال عزیز کی ہدایت

ہفتہ 27 اگست 2016 11:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اگست۔2016ء) قومی اسمبلی کی خارجہ امور کی سب کمیٹی کے کنوینر دانیال عزیز نے نیب کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کو روکنے کے حوالے سے قوانین کو اقوام متحدہ کے کرپشن کے روک تھام کے حوالے سے قوانین کی روشنی میں ڈھالنے کے حوالے سے اقدامات سے آئندہ اجلاس میں آگاہ کیا جائے، جبکہ این آر او کے تحت معاف کئے گئے کیسز میں سے نیب کے زیر تحقیقات کی فہرست بھی آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے، انہوں نے یہ ہدایات قومی اسمبلی خارجہ امور کی سب کمیٹی کے اجلاس کی بطور کنوینر صدارت کرتے ہوئے دیں، اجلاس میں سب کمیٹی میں شامل چار ارکان میں سے کمیٹی کے کنوینر کے علاوہ نعیمہ کشور خان نے شرکت کی لیکن وہ بھی دس منٹ کی شرکت کے بعد اجلاس سے رخصت ہوگئیں، دانیال عزیز نے کہا کہ نیب کے زیر تحقیقات بیشتر مقدمات میں سے بیورو کریسی بزنس مینوں کے خلاف ہے اور سیاستدانوں کی تعداد بہت ہی کم ہے، انہوں نے کہا کہ صدر یحییٰ خان کے دور میں 303بیورو کریٹس کو کرپشن کے الزام میں برطرف کیا گیا، جبکہ ذوالفقار علی بھٹو نے1294 افسران کو برطرف کیا تھا، مشرف نے سیکٹروں کی تعداد میں کسٹمز افسران کو کرپشن میں ملوث ہونے پر اپنے دور حکومت میں برطرف کیا، انہوں نے کہا کہ کرپشن کے بڑی بڑی 52کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جن کو التوا میں رکھا گیا ہے، انہوں نے ججوں کو درخواست کی کہ ان کیسز کی سماعت ریگولر بنیادوں پر کی جائے، اجلاس میں نیب کے اہلکاروں نے کمیٹی کو اقوام متحدہ کے کرپشن کے روک تھام کے حوالے سے لیے گئے اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کیا، دانیال عزیز نے اس عمل کو نیب کہ آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہ این آر او کے ذریعے معاف کئے گیے کیسز میں جو نیب کے زیر تحقیقات تھے ان کی فہرست آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔