پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ترین ملک ہے،نواز شریف

خطے میں سیاسی، معاشی استحکام اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوشش کی جائیں گی، امن کے لئے کئے جانے والے تمام مثبت اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے،وزیر اعظم کا سارک وزرائے خزانہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب

ہفتہ 27 اگست 2016 11:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اگست۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سارک نے خطے کی خوشحالی،عوام کا معیارزندگی بلند کرنے کاعہد کر رکھا ہے جبکہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے۔جمعہ کے روز سارک وزرائے خزانہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں قیام امن کے لئے بہت کوششیں کیں اور اہم کردار ادا کیا، علاقائی سطح پر بھی سماجی برائیوں پر قابو پانے کی کوشش کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاری کے لئے حالات کو پرامن اور موافق کیا، خطے میں معاشی استحکام کے لئے بے پناہ کوششیں کیں اور اقتصادی شعبے کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ہی پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے، آج پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 3 دہائیاں قبل سارک ممالک کی لیڈر شپ نے عہد کیا تھا کہ خطے میں سیاسی، معاشی استحکام اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوشش کی جائیں گی، گزشتہ 30 سالوں سے سارک خطے میں امن کے قیام کے لئے پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے اور سماجی برائیوں کی ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سارک نے جنوبی ایشیا میں بہتر ماحول کے لئے اہم کردار ادا کیا۔

نوازشریف نے کہا کہ پاکستان سارک ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے، اس فورم سے امن کے لئے کئے جانے والے تمام مثبت اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :