الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا

جمعہ 26 اگست 2016 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2016ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا ہے ،جہلم میں پی ٹی آئی کی ریلی اور بڑے جلسہ عام سے خطاب الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی ہے 27 اگست کو پیش ہوکر وضاحت کریں ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہلم خورشید عالم کی جانب سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس کے مطابق این اے 63جہلم میں ضمنی انتخابات کے موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے ریلی اور بڑے جلسہ عام سے خطاب الیکشن کمیشن کے احکامات اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے نوٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کا کام صرف شفاف اور غیر جانبدارانتخابات کا انعقاد نہیں ہے بلکہ انتخابات کے موقع پر جلسہ جلوس ریلیوں اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال کو بھی چیک کرنا ہے نوٹس کے مطابق عمران خان کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے سامنے از خود یا بذریعہ وکیل 27 اگست کو پیش ہوکر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی وضاحت کریں نوٹس کے مطابق پیش نہ ہونے کی صورت میں معاملہ چیف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔