وفاق خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے،پرویز خٹک

وزیراعظم پنجاب میں بڑے بڑے منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں، سوات کے دورے پر جس موٹروے کا اعلان کیا گیا تھا وہ دور بین میں بھی نظر نہیں آرہی،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

جمعہ 26 اگست 2016 10:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے وزیراعظم اپنے وزیراعلیٰ بھائی کے صوبے میں تو بڑے بڑے ،منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں لیکن چند مہینے پہلے سوات کے دورے کے موقع پر انہوں نے چکدرہ سے مینگورہ تک جس موٹروے کا اعلان کیا تھا وہ دور بین میں بھی نظر نہیں آرہی ،مجھے وزیر اعظم سے کوئی توقع نہیں ہم انشاء اللہ اپنے وسائل سے صوبے میں صاف اور شفاف انداز سے میگا پراجیکٹس مکمل کریں گے آج اگر وزیر اعظم سیالکوٹ میں موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں تواللہ کے فضل سے میں بھی یہاں پاکستان میں کسی بھی صوبائی حکومت کے پہلے عظیم منصوبے سوات موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ رہا ہوں جواس خطے کی ترقی وخوشحالی کا ضامن اور معاشی لحاظ سے گیم چینجر ثابت ہو گا ۔

(جاری ہے)

وہ کرنل شیر خان انٹر چینج کے قریب سوات ،موٹروے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سنیٹر سراج الحق ، مواصلات وتعمیرات کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر اکبر ایوب ، فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائر یکٹر جنرل میجر جنرل محمد افضل نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کیلئے وزیر اعلیٰ کے مشیر مشتاق احمد غنی ، انجنےئرا نچیف پاک آرمی لیفٹیننٹ جنرل خالد اصغر، صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، وزیر صحت شاہرام خان ترکئی ،وزیر ایکسائز وٹیکسیشن میا ں جمشید الدین کاکا خیل ، وزیر بلدیات عنایت اللہ خان،قومی وصوبائی اسمبلی کے ارکان ،بلدیاتی نمائندوں اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

81 کلومیٹر طویل یہ چار رویہ موٹر وے منصوبہ فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کی نگرانی میں 35 ارب روپے کی لاگت سے اٹھارہ مہینے میں مکمل ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت اس منصوبے کے ساتھ ساتھ32 ارب روپے کے پشاور میٹر و بس کی بھی منظوری دی ہے اور پشاور ،مردان، نوشہرہ اور چارسدہ کے مابین میٹرو ٹرین کیلئے ایک چائینز کمپنی سے ایم او یو پر دستخط کر چکی ہے ۔

اسی طرح چشمہ لیفٹ کینال کا منصوبہ جو 25 سال سے التوا کا شکار تھا کو ہم آگے بڑھا رہے ہیں اور 120 ارب روپے کے اس منصوبے کا 30 فیصد ہم صوبائی وسائل سے فراہم کریں گے جس سے ہماری پونے تین لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور اس سے ہمارا صوبہ غذائی لحاظ سے خود کفیل ہوجائے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس وے بھی جلد مکمل ہوگا اور سی پیک سے منسلک ہوکر یہ علاقہ بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا ،پرویز خٹک نے کہا کہ وفاق نے ہمیں سی پیک کے حوالے سے اندھیرے میں رکھا اور تمام معاملات خفیہ انداز میں طے کئے لیکن ہم نے اپنی پارلیمانی پارٹیوں کے تعاون سے مغربی روٹ کو منظور کروایا اور پشاور سے ڈی آئی خان تک ایکسپریس وے اور ریلوے ٹریک اور پشاور سے اسلام آباد تک ٹریک اس میں شامل کروانے میں کامیابی حاصل کی ۔

اُنہوں نے کہا کہ روڈ اور ریل نٹ ورک صنعتی ترقی کا زینہ ہوتے ہیں کیونکہ بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی میں کوئی سرمایہ کاری کے لیے تیا ر نہیں ہوتا۔ سوات موٹر وے کے کرنل شیر خان انٹر چینج کے قریب انڈسٹریل سٹیٹ جو سی پیک کا حصہ ہے کیلئے دس ہزارکنال اراضی حاصل کرلی گئی ہے جو نہ صرف اس علاقے بلکہ پورے خطے کے لوگوں کیلئے روزگار اور معاشی ترقی کا باعث بنے گا جبکہ اس علاقے میں اسلام آباد کی طرزکے ایک بڑے اور جدید ٹاوٴن شپ کیلئے بھی 80 ہزارکنال اراضی حاصل کی گئی ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے منصوبہ ایف ڈبلیو او پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیا د پر 18 مہینے کی قلیل مدت میں مکمل کرے گا اور اس سے اس علاقے میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے منصوبے کے سنگ بنیاد کی نقاب کشائی کی۔